ملک بھر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کو کنٹرول کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے، سیدال خان
محفوظ سڑکیں کسی بھی قوم اور معاشرے کی معاشی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے ملک بھر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کو کنٹرول کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے، محفوظ سڑکیں کسی بھی قوم اور معاشرے کی معاشی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور اس وژن کے مطابق صوبہ بلوچستان میں شاہراہوں کو مزید محفوظ اور بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے تا کہ صوبے میں ترقیاتی عمل میں مزید تیزی لا کر عوام کا معیار زندگی تبدیل کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسپکٹر جنرل موٹر ویز پولیس سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو انسپکٹر جنرل موٹرویز اینڈ ہائی ویز سلمان چوہدری نے ملک بھر اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان میں جاری موٹر ویز اینڈ ہائی ویز سے متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے آئی جی موٹر ویز کو کہا کہ موٹر ویز پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا چاہئے ،ایسے اقدامات اٹھانے چاہئیں جس کی بدولت ملک میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے ،انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف حادثات میں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ عوام کو سفری سہولیات اور ان کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے شاہراہوں کو محفوظ بنانے اور مسافروں کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے موٹروے پولیس کو متعدد اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی تاکہ لوگوں کا محفوظ سفر یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے اس حوالے سے شعور و آگاہی کے متعدد پروگرام شروع کرنے پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ موٹرویز اور ہائی ویز پر ٹریفک پولیس کی تعداد میں اضافہ ضروری ہے تاکہ مسافر حفاظت کے ساتھ اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں اور ان شاہراہوں پر سفری سہولیات یقینی بنانے کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کے دونوں اطراف درخت لگائے جائیں ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شاہراہوں کا نیٹ ورک بڑھانے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کو کم کرنے کےلئے شجر کاری کے منصوبے شروع کئے جائیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اقتصادی نقل و حمل میں تیزی لانے کے لئے شاہراہوں کو محفوظ بنانا انتہائی اہم ہے ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان ایک اہم صوبہ ہے محفوظ شاہراہوں کا نیٹ ورک صوبے کی تقدیر بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے بہت سی سڑکیں اور پل تباہ ہوگئے ہیں ،بہتر یہی ہے کہ متعلقہ ادارے بروقت اقدامات ا ٹھا کر عوام کو سفر سے متعلق ہونے والی مشکلات کو دور کریں۔