پاکستانی سفیر ساجد بلال سے پاکستان بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے دستے کی ملاقات
قاہرہ میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال سے پاکستان بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے ایک دستے نے اپنے چیف کمشنر سرفراز قمر ڈاہا کی قیادت میں ملاقات کی،بوائے سکائوٹس کایہ دستہ 43 ویں عالمی سکاؤٹس کانفرنس میں شرکت کر رہا ہے جو 17 سے 23 اگست 2024 کو قاہرہ میں منعقد ہو رہی ہے۔
جمعرات کو قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ورلڈ آرگنائزیشن آف اسکاؤٹ موومنٹ کے زیر اہتمام ورلڈ اسکاؤٹ کانفرنس مختلف آئینی ترامیم، قراردادوں اور ورلڈ اسکاؤٹ کمیٹی کے انتخاب پر تبادلہ خیال اور ان پر عمل درآمد کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے۔
اس دستے نے سفیر سے ملاقات کے دوران بین الاقوامی تعاون کی اہمیت اور عالمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں اسکاؤٹنگ کے کردار پر زور دیتے ہوئے جاری عالمی اسکاؤٹنگ کانفرنس اور دیگر اسکاؤٹنگ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سفیر ساجد بلال نے کانفرنس میں پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں شرکت عالمی اسکاؤٹنگ تحریک کے ساتھ پاکستان کے عزم کو واضح کرتی ہے اور دنیا بھر میں اسکاؤٹنگ کے مستقبل کی تشکیل میں ملک کے فعال کردار کو اجاگر کرتی ہے۔