قطر ایئرویز کا جنوبی افریقہ کی ایئرلائن ایئرلنک کے 25 فیصد شیئرز خریدنے کا اعلان
قطر ایئر ویز نے جنوبی افریقہ کی ایئرلائن’’ایئرلنک‘‘کے 25 فیصد شیئرز خریدنے کا اعلان کر دیا ۔اردو نیوز کے مطابق قطر ایئر ویز کےچیف ایگزیکٹو بدر محمد المیر نے گزشتہ روز قطر کے دارلحکومت دوحہ میں پریس کانفرنس دوران ایئرلنک میں سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایئرلنک کے 25 فیصد شیئرز خریدے گی۔ پریس کانفرنس میں ایئر لنک کے چیف ایگزیکٹو روجر فوسٹر بھی موجود تھے۔
ایئرلنک کے سی ای او کے مطابق قطر ایئرویز کی ایئرلنک میں سرمایہ کاری سے جنوبی افریقی ایئرلائن کو اپنی پروازیں نئی مارکیٹوں تک چلانے میں مدد ملے گی۔ ایئرلنک کی ویب سائیٹ کے مطابق یہ نجی فضائی کمپنی افریقہ کے جنوبی ممالک میں اپنی پروازیں آپریٹ کرتی ہے۔خیال رہے کہ قطر ایئرویز کے پاس برطانیہ کی برٹش ایئرویز کی ملکیتی کمپنی انٹرنیشنل ایئرلائن گروپ، لیتھام ایئرلائنز، ہانگ کانگ کی کیتھی پیسیفک ایئرلائن اور چائنا ساؤتھرن ایئرلائن میں بھی اقلیتی شیئرز موجود ہیں۔