المناک بس حادثے کے بعد تہران میں پاکستانی سفارت خانہ ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تہران میں پاکستانی سفارت خانہ یزد شہر میں المناک بس حادثے کے بعد ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے جس میں 28 پاکستانی زائرین جاں بحق ہوئے ہیں۔
بدھ کو نائب وزیراعظم نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی زائرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں زخمی زائرین کے بارے میں بھی سخت تشویش ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے تہران میں پاکستانی سفیر کو ہدایت کی ہے کہ وہ صحیح صورتحال کا پتہ لگائیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کریں اور اس کے ساتھ ساتھ میتوں کو پاکستان بھیجنے کا بندوبست کریں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا سفارت خانہ یزد شہر میں حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے ایرانی حکومت کی جانب سے مدد اور معاونت پر اظہار تشکر کیا۔