پاکستان دہشت گردی کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے، ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان نے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے اور وہ دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر سے نمٹنے کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور خراج تحسین کے عالمی دن کے موقع پر ہم دہشت گردی کی کارروائیوں کے نتیجے میں جانیں گنوانے والوں کی یادوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم اپنے شہداءاور زندہ بچ جانے والوں کی یادوں کا احترام کرتے ہیں جن میں ہزاروں خواتین اور بچے شامل ہیں، ہم اپنے بہادر سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق اس دن ہم بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم لوگوں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو بھارتی قابض افواج کی طرف سے کئی دہائیوں سے جاری ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی بے لگام دہشت گردی کے نتیجے میں ہزاروں کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستانی عوام ہمیشہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور جموں و کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ بین الاقوامی برادری کو بھی بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے لئے کھڑا ہونا چاہئے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ جیسا کہ ہم آج دہشت گردی کے متاثرین کو یاد کرتے ہیں، ہم تمام افراد کے حقوق اور وقار کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ بات چیت، تعاون اور امن، رواداری اور افہام و تفہیم کے کلچر کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں۔