کھیلوں کی دنیا

بنگلہ دیش اور آنے والے سیزن کے لیے پرجوش ہیں، ہمارے پاس مضبوط فاسٹ باؤلنگ لائن اپ ہے، شان مسعود

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ہم بنگلہ دیش اور آنے والے سیزن کے لیے پرجوش ہیں، ہمارے پاس مضبوط فاسٹ باؤلنگ لائن اپ ہے، مخالف ٹیم کو کمزور نہیں سمجھتے، کوشش کریں گے کہ ٹیسٹ سیریز اپنے نام کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ہمارے لیے بہت اہم ہے، ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھا کر زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا تھا ، بدقسمتی سے میچ نہیں جیت سکے۔ انہوں نے کہا کہ شائقین ہمیشہ چاہتے ہیں کہ کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور ان کے لیے میچ جیتے، تمام کھلاڑی اس سیریز اور آنے والے سیزن کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس باصلاحیت کھلاڑیوں کا گروپ ہے جو سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم اور بے چین ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شان مسعود نے کہا کہ ہماری بائولنگ بہت مضبوط ہے ۔ وہ میچ میں 20 کھلاڑی آئوٹ کرنے اور میچ جتوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہمارے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ہمیں ایک مصروف سیزن کی تیاری کرنی ہے اور ہم اچھی کارکردگی کے لیے پر عزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیریز سے قبل ہمارے کچھ اچھے ٹریننگ سیشن ہوئے اور کوچنگ سٹاف نے کھلاڑیوں کے ساتھ سخت محنت کی ہے۔ شان مسعود نے کہا کہ محمد حریرہ تسلسل کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کر رہے ہیں اور انہیں سکواڈ میں شامل کر کے ان کا پوٹینشل دیکھنا ہے، انہیں ٹیم میں بھی شامل کر سکتے ہیں۔ کپتان نے کہا کہ صائم ایوب نے آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں اچھی بیٹنگ کی تھی، ہم انہیں پورا موقع دینا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ امام الحق ہمارے سسٹم کا حصہ ہیں اور انہیں اس سیریز میں آرام کا موقع دیا گیا ہے ۔

کپتان نے مزید کہا کہ ہوم گراؤنڈ میں ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے اور ٹیم کو آگے لے جانے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم میں شکیب الحسن ، مشفق الرحیم اور مومن الحق جیسے تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں اور ان کے ینگ کھلاڑی بھی باصلاحیت ہیں ، شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ (کل) بروز بدھ سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button