سکھر کے بارش اور سیلاب متاثرین کیلئے دس ہزار راشن بیگز روانہ کر رہے ہیں، گورنر سندھ کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ بارش اور سیلاب نے پنجاب کے بعد سندھ میں بھی تباہی پھیلانا شروع کر دی ہے،سکھر کے لئے آج ہی دس ہزار راشن بیگز روانہ کر رہے ہیں،صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے ، اس ضمن میں گورنر ہائوس میں ایمر جنسی سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے، مصیبت میں پھنسے افراد 1366 پر فوراً رابطہ کریں۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صوبہ میں طوفانی بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال اگر پی ڈی ایم اے سے کنٹرول میں نہیں آتی تو این ڈی ایم اے اس کا کنٹرول سنبھالے گی اس حوالہ سے چیئرمین این ڈی ایم اے سے تفصیلی بات بھی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ طوفانی بارشوں سے متاثرہ افراد کے لئے پی ڈی ایم اے کو آفر کی ہے کہ دس ہزار راشن بیگز بھیجیں گے کیونکہ اس صورتحال سے ہم سب کو ہی مل کر نمٹنا ہوگا۔ گورنر ہاؤس میں یوم آزادی کے جشن میں شرکت پر گورنر سندھ نے اہلیان کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ ساز جشن میں شہریوں کی شرکت نے اس کا مزہ دوبالا کر دیا، سکیورٹی اداروں کی رپورٹس کے مطابق اس تاریخ ساز جشن میں 5 لاکھ سے زائد افراد موجود تھے، جس میں بزرگ، مرد، خواتین، نواجوان اور بچوں نے خوب انجوائے کیا، اس جشن آزادی میں پورا کراچی آنا چاہتا تھا
لیکن 11 ایکڑپر محیط گورنر ہاؤس کی جگہ بھی کم پڑ گئی جو لوگ اندر نہیں آسکے ان سے معذرت چاہتے ہیں، جشن آزادی میں آتش بازی کے شاندار مظاہرہ کے لئے دبئی سے ماہرین بلوائے تھے، فائر ورکس کے شاندار نظارے نے جشن آزادی کی خوشیوں کو چار چاند لگا دیئے۔ گورنر سندھ نے قومی ہیرو ارشد ندیم کا فقید المثال استقبال کرنے پر شہر قائد کے مکینوں اور بالخصوص صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے بہترین انتظامات پر ہمارا ساتھ دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنر اینیشیٹو کے تحت جاری منصوبوں میں کراچی کے لوگوں کی بھرپور دلچسپی ان منصوبوں کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے،
امید ہے کہ آئندہ بھی کراچی کے شہری اسی جوش و جذبہ کا مظاہرہ کریں گے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے صوبہ سندھ میں طوفانی بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو فوری طور پر انتظامات کی ہدایت کی۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں راشن کے بیگز بھیج رہے ہیں، میئر سکھر بہترین شخص ہیں، اس قدرتی آفت میں تمام لوگوں کو اپنے وسائل کے تحت کام کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے تمام این جی او ز، کراچی کے بزنس مینوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کریں۔ پنجاب میں بجلی کے یونٹ میں کمی پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ اس حوالہ سے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھ رہا ہوں کہ سندھ میں بھی بجلی کے یونٹ میں 14 روپے کمی کی جائے ،
سندھ حکومت سے درخواست ہے کہ اپنے لوگوں کو یہ سہولت دیں اس وقت لوگ معاشی بحران میں پسے ہوئے ہیں ، پنجاب حکومت نے بھی اپنے بجٹ سے 14 ارب روپے کم کئے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 6 ستمبر کو گورنر ہاؤس میں ایک شاندار پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں ہم اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ 13 سے 14 اگست کے پروگرام میں گورنر ہاؤس کا ایک روپے خرچ نہیں کیا، ارشد ندیم کو جو رقم دی گئی اس میں بھی ایک روپے گورنر ہاؤس کا نہیں تھا، گزشتہ دنوں ہمارے پاس بڑی تعداد میں مزید راشن بیگز آئے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کے پاس وسائل کی کمی ہوگی، لیکن صوبہ کے لوگوں کو احساس کمتری میں نہیں ڈالنا چاہئے، میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کاوشوں کی تعریف کروں گا کہ وہ ہر جگہ جارہی ہیں ، انہوں نے پنجاب میں ایک ریلیف دینے کی کوشش کی ہے، بے شک وہ شارٹ ٹرم ہو یا لانگ ٹرم ہو۔