پاکستان میں انڈونیشیا کے سفارتخانہ کا اپنے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام
پاکستان میں انڈونیشیا کے سفارتخانہ نے اپنے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا جس کی صدارت انڈونیشیا کے ناظم الامور رحمت ہندارتا کسوما نے کی۔ یہ تقریب انڈونیشی باشندوں کے درمیان اتحاد اور باہمی احترام کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ وطن کے لئے حب الوطنی کے جذبے کو مضبوط بنانے کے لئے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات کے سلسلے کی آختتامی تقریب تھی جس میں سفارت خانے کے اہلکاروں نے اپنے اہل خانہ اور پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم سینکڑوں انڈونیشی تارکین وطن کے ساتھ روایتی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔
اس کے علاوہ ممتاز مذہبی رہنمائوں، صحافیوں ، نامور تھنک ٹینکس کے ماہرین اور کاروباری برادری کے متحرک نمائندگان نے بھی اس خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انڈونیشیا کے قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک لمحے کی خاموشی اختیار کی گئی جس کے بعد اعلان آزادی کا متن پڑھا گیا۔
تقریب کا اختتام ملک کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا اور انڈونیشیا کو خوشحال ، ہم آہنگ ، ترقی یافتہ اور ناقابل تسخیر بنانے کے عزم کی تجدید کی گئی۔ پرچم کشائی کی تقریب جسے انڈونیشی زبان میں "اپاکارا بینڈیرا” کہتے ہیں ، میں سفارت خانے کی پرچم کشائی کی ٹیم جو انڈونیشیا کے طالب علموں کےچاک و چوبند دستے پر مشتمل تھی ، نے چارج ڈی افیئرز سے انڈونیشیا کا پرچم وصول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے بعد انڈونیشیا کا قومی ترانہ بجا یا گیااور پرچم کشائی کی گئی۔
دریں اثنا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انڈونیشیا کے ناظم الامور رحمت ہندارتا کسوما نے کہا کہ انڈونیشیا کے سفارتخانے کی جانب سے میں انڈونیشیا کے یوم آزادی کے اس خاص موقع پر شرکت پر آپ سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور پر جوش انداز میں کہا کہ دنیا کے دو سب سے بڑے مسلم ممالک انڈونیشیا اور پاکستان دوستی زندہ باد۔انہوں نے کہاکہ سینٹورس مال میں انڈونیشی ایکسپو 2024 کا منتظر ہوں۔
مزید برآں، ان کی عظیم کامیابی کی تعریف کے طور پر، چارجی ڈی افیئرز نے پاکستان میں انڈونیشیا کے طالب علموں کے ایک گروپ کو اعلی سطح کے تعلیمی پروگراموں کو نمایاں انداز میں آگے بڑھانے پر تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔ اس موقع پر ڈی واٹسن گروپ کے سی ای او احسن ظفر بختاوری ، حمزہ ویجیٹیبل آئل ریفائنری و گھی ملز (پرائیویٹ )لمیٹڈ کے سی ای او طارق اللہ صوفی، مسلم انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سلطان احمد علی نے انڈونیشیا کے عوام کو قومی دن کی مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔