ارشد ندیم کا پاکستان کے لیے اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے،سردار سلیم حیدر خان
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ارشد ندیم کا پاکستان کے لیے اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ارشد ندیم نے پاکستان کا نام روشن کیا ۔ارشد ندیم ہمارے ہیرو ہیں پوری قوم ارشد ندیم کی کامیابی کا جشن منا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں قومی ہیرو ارشد ندیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل قومی ہیرو ارشد ندیم کا گورنر ہائوس آمد پر ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔
گورنر نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی آپ مزید بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔اس موقع پرگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ارشد ندیم کو بیس لاکھ کا چیک پیش کیا۔ گورنر پنجاب نے قومی ہیرو ارشد ندیم کی والدہ کو سندھ حکومت کی جانب سے گاڑی کی چابی بھی پیش کی۔تقریب میں ارشد ندیم کوایک نجی سوسائٹی کی طرف سے ایک کنال کا پلاٹ جبکہ ایک اور نجی سوسائٹی کی طرف سے دس مرلے کا ایک پلاٹ بھی دیا گیا ۔
سندھ حکومت کی طرف سے پچاس لاکھ کا چیک ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ کو بھی دیا گیا۔ اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے کہا کہ میرے والدین کی دعائوں سے مجھے کامیابی ملی ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے جس طرح ان کا استقبال اور پذیرائی کی وہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سرجری بھی اسی سال ہوئی ہے ۔ اللہ کے کرم اور قوم کی دعائوں سے وہ گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے اپنے کوچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے کوچ نے میری بہت مدد کی اور میرا حوصلہ بڑھایا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے وقت میں بھرپور محنت کروں گا۔ارشد ندیم نے کہا کہ میں گورنر پنجاب کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے اتنی عزت اور محبت دی۔