بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کی پیشکش مسترد کردی
بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی طرف سے ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کی پیشکش کو مسترد کردیا۔ ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر میں بنگلہ دیش میں منعقد ہونا تھا تاہم وہاں کی سیاسی صورتحال کے باعث اسے وہاں سے منتقل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اکتوبر میں بنگلہ دیش میں ہونے والا ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اگر منتقل کیا گیا تو ہم اس کی میزبانی نہیں کریں گے۔ ہمارے ہاں ابھی مون سون چل رہا ہے جبکہ آئندہ سال ہم ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہرگز یہ تاثر نہیں دینا چاہتے کہ ہم مسلسل دو میگا ایونٹس کی میزبانی کریں گے۔ قبل ازیں آئی سی سی آفیشل کے مطابق بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال کو قریب سے مانیٹر کیا جارہا ہے ، تمام آپشنز کو کھلا رکھا گیا ہے، ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی حفاظت اور ان کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ٹورنامنٹ کی منتقلی کے حوالے سے حتمی فیصلہ 20 اگست تک متوقع ہے۔ بھارت کے انکار کے بعد ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سری لنکا یا یو اے ای میں 3 سے 20 اکتوبر تک منعقد کرایا جا سکتا ہے۔