کرم ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشت گرد جہنم واصل
کرم ایجنسی میں سکیورٹی فورسزکے آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کو سکیورٹی فورسز نے کرم ضلع میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں سات دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے
جبکہ پانچ زخمی ہو ئے۔ دہشت گردوں کاٹھکانہ بھی تباہ اور بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے اس ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔