وزیر اعلیٰ بلوچستان کامستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں فائرنگ کے واقعہ میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت پر گہرے رنج ودکھ کا اظہار
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں فائرنگ کے واقعہ میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی شہادت اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے،
یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مستونگ کے قریب پیش آنے والا دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت ہے، ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت افسر تھے، جنہوں نے مختلف ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں، شہید سول سروس کا ابھرتا ہوا درخشاں ستارہ تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ واقعہ میں ملوث دہشت گرد عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا، دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے ،دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں سب کو متحد ہوکر جواب دینا ہوگا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید ذاکر بلوچ کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔