کاروباری

قو می معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ملکی ترقی کیلئے برآمدات پر توجہ دینا ہو گی، رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ قو می معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں ملک ڈیفالٹر ہونے سے بچ گیا ، مشکل فیصلوں کے بعد معیشت بحال ہونا شروع ہوگئی ہے،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے برآمدات پر توجہ دینا ہو گی ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز ملت ٹریکٹر فیکٹری کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، موجودہ حکومت نے زراعت کو اولین ترجیح دی ہے،

وزیر اعظم نے ہدایت کہ ہے کہ زراعت کی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ،تاکہ برآمدات بڑھا کر ملکی معشیت میں بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ2013 سے 2017 کی مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان کی معیشت بہت مضبوط تھی ملک بڑی تیزی سے مضبوط ہو رہا تھا ،اور پاکستانی معیشت دنیا کی 20 معیشتوں کا حصہ بننے جارہی تھی لیکن پھر جو ہوا سب کے سامنے ہے، نواز شریف کی حکومت ختم ہوگئی اور ہر شعبے میں معیشت بحران کا شکار ہوگئی، معیشت کی موجودہ حالت اسی کی وجہ سے ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 16 ماہ کی حکومت میں ملک کے ڈیفالٹ کر جانے کا خطرہ تھا مگر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں حکومت کے ٹھوس عملی اقدامات کی بدولت ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر نکل آیا،

ملک کو اس وقت کئی چیلنجز کا سامناہے ، ہمارا ہدف معیشت کو بحال کرنا ہے،اللہ تعالی کا شکر ہے کہ مشکل فیصلوں کے بعد ملکی معیشت بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی ترقی کے پیش نظر زراعت کے شعبہ کو مضبوط کرنے کے لیے کسانوں کو بہتر ماحول اور سہولیات سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہاکہ زراعت میں بہتری اور برآمدات کے شعبے میں ترقی ملکی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، جب تک ہماری برآمدات نہیں بڑھیں گی اس وقت تک ہماری ملکی میعشت ترقی نہیں کر سکتی،چاول،گندم اور پھلوں کی برآمد کے ذریعے ملکی معیشت کو بہتر کیا جا سکتا ہے کیونکہ ملک میں پیدا کئے جانے والی گندم، چاول اور فروٹ دنیا میں اعلی معیار کا مانا جاتا ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہاکہ عالمی منڈی میں اپنی ساکھ کو بہتر کرنے کے لیے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی، جس کے لیے ہم اپنی برآمدات اور پراڈکٹس کو بہترکوالٹی کے ساتھ متعارف کروانے کی ضرورت ہے، ٹیوٹا کی وساطت سے برآمدات کے حوالے سے ملکی سطح پر مختلف ٹیکنیکل پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ دوسرے ممالک میں ملکی پراڈکٹس کو متعارف کراکے معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے ملت ٹریکٹر فیکٹری پلانٹ کا دورہ کیا اور ایکسپورٹ کوالٹی ٹریکٹر کا افتتاح بھی کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ زراعت میں ملت ٹریکٹر کمپنی کی خدمات بہت اہم ہیں،زراعت کے شعبہ کو بہتر کرنے کے لیے میسی فرگوسن ٹریکٹر کی کوالٹی کو مزید بہتر کرنے اور قمیتوں کے حوالے سے مناسب ریٹ دے کر برآمدات کے ذریعے معیشت کو مضبوط کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے، حکومت ملت ٹریکٹر کی برآمدات میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button