سی پیک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا فلیگ شپ منصوبہ ، یہ دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ، حسان دائود بٹ
چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک)کے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ،چائنا سٹڈی سینٹر اور انرجی چائنہ پاکستان میں سینئر مشیر ڈاکٹر حسان دائود بٹ نے کہا کہ سی پیک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے،سی پیک منصوبہ دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو’’ اے پی پی ‘‘سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں متعدد توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تکمیل ہوئی جس سے اقتصادی ثمرات بھی مل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے لیے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچوں سے پاکستان کے شہروں کے درمیان فاصلے اور وقت کا ضیاع کم ہو گیا ہے جس سے بہت سی دیہی مارکیٹیں خاص طور پر زرعی منڈیوں کو شہروں اور اہم علاقوں سے جوڑا بھی جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان کی چین کو برآمدات میں کئی گنا اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں گوادر بندرگاہ کے قیام سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی اور علاقائی روابط میں اضافہ ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کی اعلی معیار کی تعمیر کو فروغ دینے کے لیے بڑھتے ہوئے تعاون کے حصے کے طور پر ترقی، معاش، اختراع، سبز ترقی اور شمولیت کے نئے کوریڈور تیار کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شاہراہ قراقرم کی اپ گریڈیشن پر توجہ مرکوز کرے گا، مین لائن ون منصوبے کے ذریعے ایک مضبوط ریلوے نظام کے ساتھ ساتھ زراعت، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی، توانائی، سمیت مختلف اہم شعبوں پر توجہ اور کان کنی و سیاحت کو چینی تعاون اور تجربے سے ترقی دی جائے گی۔