ٹاپ نیوز
اولمپکس ریکارڈ بڑا کارنامہ ہے، صدر آصف علی زرداری کی پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری نےپیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فائنل میں شاندار اولمپکس ریکارڈ قائم کرنا اور طویل ترین فاصلے پر جیولین تھرو کرنا بڑا کارنامہ ہے۔
جمعہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ارشد ندیم کو مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ آپ پوری قوم کا فخر ہیں، ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے۔ صدر نے کہا کہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے تمغہ جیت کر آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس جیسے بڑے مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کیا، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ارشد ندیم کو مستقبل میں مزید کامیابیوں سے نوازے۔