ترکیہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، دوطرفہ تجارتی حجم 5 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، دوطرفہ تجارتی حجم 5 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے ترک وزیرِ تجارت و کسٹمز ڈاکٹر عمر بولات کی سربراہی میں ترک سرمایہ کاروں کے اعلی ٰسطح وفد سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، پاکستان کے ترکیہ میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی شریک تھے۔ترک وفد میں ترکیہ کے نائب وزیرِ تجارت مصطفیٰ تزجو، TOBB کے صدر رفعت حصار جِکلیوعلو، DEIK کے صدر نَیل اولپک، ترکیہ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے صدر ایردال ایرن، MUSIAD کے صدر محمود عصمالی، TUMSIAD کے صدر یشار دوعان، ASKON کے صدر اورحان آئیدن، ترکیہ ایکسپورٹر اسمبلی کے صدر اتیلہ یرلیکایا اور ALBAYRAK ہولڈنگ کے چیئرمین احمت البیراک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی شامل تھے۔