وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں 200ایکڑ رقبے پر چڑیا گھر و سفاری پارک کی منظوری دیدی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کو عالمی معیار کی تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اسلام آباد میں 200ایکڑپر محیط سب سے بڑے پہلے چڑیا گھر و سفاری پارک کی منظوری دیدی ہے۔مجموعی طور پر5 ہزار جانور، پرندے چڑیا گھر و سفاری پارک میں رکھے جائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں چڑیا گھر وسفاری پارک کے قیام کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے چڑیا گھر و سفاری پارک کے قیام کے پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 2 ہزار جانور اور پرندے رکھے جائیں گے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے چڑیا گھر و سفاری پارک کی ورلڈ ایسوسی ایشن آف زو اینڈ ایکوریم سے رجسٹریشن کرانے کی اور منصوبے سے متعلق امور جلد طہ کرنے کی ہدایت دیدی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام معاملات کو حتمی شکل دی جائے۔ اکتوبر میں چڑیا گھر و سفاری پارک کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ چڑیا گھر و سفاری پارک سے اسلام آباد کی سیاحت میں اضافہ ہوگا۔