اولمپکس گیمز، ارشد ندیم نےجیولین تھرو مقابلوں کے فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ، 8 اگست کو فائنل مقابلے میں نیزہ بازی کے جوہر دکھائیں گے
پیرس اولمپکس گیمز2024 کے نیزہ بازی کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کی بدولت فائنل رائونڈ میں جگہ بنا لی۔ انہوں نے 86.59 میٹرکی تھرو کر کے فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ منگل کو ہونے والے جیولن تھرو کوالیفیکشن راؤنڈ کے گروپ بی میں شامل پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم کو فائنل میں براہ راست جگہ بنانے کے لیے کم از کم 84 میٹر کی تھرو کرنا تھی۔ارشد ندیم نے پہلی باری میں 86.59 میٹرکی تھرو کرکے فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد اور ان کے دیگر رفقا کا نے بھی کوالیفائی راؤنڈ کے مقابلوں کو دیکھا اور پاکستانی ایتھلیٹ کی حوصلہ افزائی کی ۔ پاکستانی سفیر نے ارشد ندیم کی فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرنے پر انہیں مبارکباد دی اور ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ اب ارشد ندیم 8 اگست کو جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں نیزہ بازی کے جوہر دکھائی گے ۔ یہ پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم کا اولمپکس میں مسلسل دوسرا فائنل ہے۔ جیولن تھرو کوالیفیکشن راؤنڈ کے گروپ بی میں 16 ایتھلیٹس شامل تھے ۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم نے 2015 میں جولین تھرور کے طور پر اپنا کیریئر شروع کیا اور صرف ایک سال بعد پاکستان کو 2016 میں جونیئر اتھلیٹکس میں تمغہ دلایا۔ 2018 میں ایشین گیمز میں ارشد ندیم نے کانسی کا تمغہ جیتا۔سال 2020 ارشد ندیم کے لیے خوشیوں کی نوید لے آیا اور وہ ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے والے اتھلیٹ بنے۔انہوں نے اسلامک سولیڈیرٹی اور امام رضا کپ میں بھی سونے کا تمغہ حاصل کیا، لیکن ان کی اصل پہچان ٹوکیو اولمپکس سے اس وقت بنی جب ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائنل میں حریف میڈلسٹ اتھلیٹس کو ٹف ٹائم دیا اور صرف چند میٹر کے فرق سے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔
برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں 90.8 میٹر کی ریکارڈ تھرو کر کے پاکستان کو اتھلیٹکس میں پہلی بار طلائی تمغہ دلایا۔ارشد ندیم نے گزشتہ سال ورلڈ اتھلیٹکس میں چاندی کا میڈل حاصل کیا اور اب قوم کو پیرس میں بھی ان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور اولمپکس میں میڈل کا 32 سالہ قحط ٹوٹنے کی منتظر ہے۔