یوکرین کو پہلا ایف 16 لڑاکا طیارہ مل گیا
کیف: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو اپنا پہلا امریکی ساختہ ایف 16 لڑاکا طیارہ مل گیا ہے۔
یوکرین کی ایک نامعلوم ایئربیس پر ایف 16 طیارے کی آمد کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ باالآخر ہم نے یہ کر دکھایا۔
اس موقع پر یوکرین کے رہنما نے اتحادیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ کبھی مدد فراہم کرنے میں بہت ہچکچاہٹ محسوس کرتے تھے۔
ایف 16 طیاروں کی آمد یوکرین کی فضائیہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جنگ زدہ ملک کی دفاعی صلاحیت زیادہ تر سوویت دور کے پرانے جیٹ طیاروں پر منحصر ہے۔
یوکرینی صدر نے اعتراف کیا کہ مستقبل قریب میں مزید ایف 16 جنگی طیارے یوکرین کی سرزمین پر پہنچیں گے مگر ان کو اڑانے کے لیے ہمارے پاس تربیت یافتہ پائلٹس نہیں ہیں۔
انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یوکرین میں کتنے طیارے پہنچے ہیں یا یہ تمام طیارے ڈنمارک، نیدرلینڈز اور امریکہ کی جانب سے بھیجے گئے ہیں، جن کا انہوں نے اپنی تقریر میں خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں نیٹو ممالک کی جانب سے تقریبا 65 ایف 16 طیارے بھیجنے کا وعدہ کیا جا چکا ہے۔