قومی

”یوم استحصال“کے موقع پر سیکرٹری خارجہ کی زیر قیادت ریلی ، دفتر خارجہ کے افسران اور ملازمین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت

”یوم استحصال“ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے پیر کو یوم استحصال کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے کی۔ ریلی میں دفتر خارجہ کے افسران اور ملازمین سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکا بعد ازاں پارلیمنٹ کے سامنے ڈی چوک تک گئے جہاں ریلی نے ایک جلسہ کی شکل اختیار کی۔ ریلی میں شریک افراد نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور 5 اگست 2019 سے جاری بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی مذمت کے لئے بینر اٹھا رکھے تھے۔ بھارت نے اپنے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ کو حیثیت کمزور کرنے کیلئے آج سے 5 سال قبل یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کئے، بھارت5 اگست 2019 سے اب تک علاقے میں اپنے غیر قانونی اقدامات سے بین الاقوامی قوانین، کشمیری عوام کی امنگوں اور جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی یکسر خلاف ورزی کررہا ہے۔

ریلی کے شرکا نے پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے حق ِخودارادیت کے حصول کیلئے ان کی جاری منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button