گرین یوتھ کلب قائم کر کے نوجوانوں کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی پیداکی جائےگی،رانا مشہود احمد خان
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ کلب قائم کر کے نوجوانوں کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی پیداکی جائےگی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وزیراعظم یوتھ لون سکیم سمیت متعدد اقدامات کے گئے ہیں ۔
ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرا ت کو ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام ماحولیاتی تبدیلی اور نوجوانوں کا سماجی معاشرے میں کردار کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتےہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت گرین یوتھ موومنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے ۔ ملک بھر کی 137 یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ کلب قائم کئے گئے ہیں۔ تمام 268 یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ کلب قائم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کالجوں اور سکولوں میں بھی یوتھ گرین کلب قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ پورا پاکستان اٹھ کھڑا ہو۔ ہم اپنے نوجوانوں اور مقامی آبادیوں میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی پیدا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان اس مہم کا حصہ ہیں۔ ہم قومی رضاکار کور تشکیل دے رہےہیں۔ 2000نوجوانوں کو ڈیزاسٹررسک مینجمنٹ کی تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سیلاب اور زلزلے آئے ہیں۔ گرین یوتھ موومنٹ کے تحت بڑے پیمانے پر مہم شروع کر رہے ہیں۔ قومی رضا کار کور کے لوگوکی رونمائی دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل کریں گی۔ دولت مشترکہ کی ٹیم ہمارا بھرپور ساتھ دےرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے پروگراموں سے استفادہ کرنے کے لئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے پورٹل سے مستفید ہونا چاہیے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں پر اعتماد ہے۔ ان کو مساوی مواقع فراہم کررہے ہیں۔ ان کو بااختیار بنانے کے لئے وزیراعظم یوتھ لون سکیم سمیت متعدد اقدامات کئے گئے۔ سیمینار سے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ اور وزیراعظم کی رابطہ کار برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے بھی خطاب کیا۔