قومی

سپیکر قومی اسمبلی سے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے ملاقات کی جس میں دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے مابین تعاون کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دولت مشترکہ عالمی شراکت داری کے فروغ کا اہم فورم ہے۔ رکن ممالک میں پارلیمانی، اقتصادی و سماجی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پارلیمنٹ کو مزید فعال بنانے کے لیے بطور سپیکر بہت سے اقدام کیے۔

قانون سازی میں سپورٹ کے لئے لیجسلیٹو ڈرافٹنگ کونسل کا قیام عمل میں لائے ۔سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس ، ایس ڈی جیز ٹاسک فورس ، بچوں کے لیے انٹرنشپ پروگرام ان اقدامات کا حصہ ہیں۔ملاقات میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) بالخصوص قانون سازی کے شعبے میں اس کے استعمال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نےدولت مشترکہ کے قانون سازی کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے اقدامات بالخصوص دولت مشترکہ کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس اکیڈمی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کی دولت مشترکہ میں شامل ممالک میں تعاون کے فروغ کے لئے کوششیں لائق تحسین ہیں۔دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دولت مشترکہ کو ہمیشہ اہمیت دی ۔عالمی مسائل کے حل کے لئے دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے مابین قریبی تعاون وقت کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں قومی اسمبلی میں موجود پارلیمانی فورمز کے سربراہان ، اراکین اسمبلی اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے سربراہ نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button