کاروباری

پاکستان کی معدنیات سے فائدہ اٹھا کر سالانہ اربوں ڈالرز کا زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے، افتخار علی ملک

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی معدنیات سے بھرپور فائدہ اٹھا کر سالانہ اربوں ڈالرز کا زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

منگل کو یہاں تیمور علی کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس قدرتی دولت کو موثر طریقے سے استعمال کیا جائے تو ملک کا معاشی منظرنامہ تبدیل ہو سکتا ہے، اس وقت کان کنی کے شعبہ سے استفادہ کے لیے اسٹریٹجک اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارضیاتی سروے اور معدنیات کی تلاش میں سرمایہ کاری بہت ضروری ہے، معدنی وسائل کی جامع نقشہ سازی کر کے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں دیگر ممالک کے ساتھ تعاون سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے جن کے پاس کان کنی کی جدید ٹیکنالوجی اور مہارت موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرکے حکومت ملٹی نیشنل کمپنیوں کو معدنیات کی تلاش اور کان کنی میں سرمایہ کاری ترغیب دے سکتی ہے۔افتخار علی ملک نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کیلئے کان کنی سے متعلق مہارتوں کے تربیتی مراکز اور پیشہ ورانہ ادارے قائم کر کے مقامی آبادی کو ہنرمند بنایا جا سکتا ہے۔

وفد کے سربراہ تیمور ملک کا کہنا تھا کہ اس شعبے میں ریگولیٹری اصلاحات بھی ضروری ہیں، کان کنی کے موجودہ قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک میں شفافیت لانے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button