قومی

سپیکر قومی اسمبلی کی یوم عاشور پر اتحاد کی اپیل، کشمیر اور فلسطین میں جارحیت کی مذمت

یوم عاشور کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محرم الحرام کے پیغام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ امن، ایثار اتحاد اور رواداری کو فروغ دیں۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں سردار ایاز صادق نے اس بات کو اجاگر کیا کہ امت مسلمہ شہدائے کربلا کے جذبہ ایثار و قربانی کو اپنا کر موجودہ چیلنجز پر قابو پا سکتی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں واقعہ کربلا کو ایمان، شجاعت اور شہادت کا لازوال ثبوت قرار دیا، جن اقدار کی قرآن پاک میں تاکید کی گئی ہے۔

انہوں نے امت مسلمہ سے اتحاد کو فروغ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صرف یکجہتی اور بھائی چارے کے ذریعے ہی کمیونٹی اپنے اہم مسائل کو حل کرسکتی ہے۔کشمیر اور فلسطین میں جاری جارحیت کا ذکر کرتے ہوئےسردار ایاز صادق نے معصوم شہریوں پر کی جانے والی شدید ریاستی دہشت گردی کی پر زور مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ نو ماہ کے دوران اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں بچے، خواتین اور بوڑھے بھی شامل ہیں۔ اسی طرح کشمیر کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے باشندوں کو مسلسل جبر کا سامنا ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں ۔سردار ایاز صادق نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطین اور کشمیر کی آزاد ریاستوں کے قیام کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عہد کیا کہ پاکستان ان مقاصد کے حصول تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا

۔ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی شہدائے کربلا کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے حضرت امام حسین ؓاور ان کے ساتھیوں کے باطل کے خلاف غیر متزلزل موقف کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ ان کی میراث ظلم کے خلاف لڑنے اور حق کو برقرار رکھنے کی اہمیت کا درس دیتی ہے۔دونوں رہنمائوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ امت مسلمہ کے اندر اتحاد اور امن کے لیے تجدید عہد کرتے ہوئے انسانیت کی عظیم تر بھلائی کے لیے بے لوث قربانی کے اصولوں کو مجسم کر کے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کریں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button