قومی

حضرت امام حسین ؓکی قربانی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں ظلم و ناانصافی کے سامنے کبھی جھکنا نہیں چاہئے ،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ معرکہ کربلا اسلام کی میراث، سربلندی اور دین کی حرمت و حفاظت کے لئے جدوجہد تھا ،جو امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کے اصولی مؤقف، غیر متزلزل عزم، بہادری اور قربانی سے عبارت ہوا۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یوم عاشور ہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن اسلامی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس دن کربلا کے میدان میں حق وباطل کی لڑائی میں اسلامی اقدار کے تحفظ کی خاطر نواسہ رسولﷺ،سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقاء نے عظیم قربانی دی۔ یہ معرکہ اسلام کی میراث، سربلندی اور دین کی حرمت و حفاظت کے لئے جدوجہد تھا جو امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کے اصولی مؤقف، غیر متزلزل عزم، بہادری اور قربانی سے عبارت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی ملتی ہے اگر ہم ان کی جدوجہد کے پہلوؤں کو ملحوظ خاطر رکھ کر اپنے مستقبل کا تعین کریں تو درپیش تمام مسائل پر آسانی سے قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے اس جرأت مندانہ عمل سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں ظلم و ناانصافی کے سامنے کبھی جھکنا نہیں چاہئے بلکہ اس کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونا چاہے اس کے لیے کتنی ہی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر ہمیں مختلف مکاتب ِفکر کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کی اہمیت کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ آئیے، ہم اسلام کے بنیادی اصولوں صبر و برداشت، ہمدردی، رواداری، مشاورت اور سماجی انصاف کے فروغ کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں اور امام حسینؓ کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھال کر دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کریں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ متحد ہو کرملک ِپاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کریں۔ اللہ تعالی ہمیں حضرت امام حسین ؓ اور انکے رفقاء کی عظیم قربانیوں سے سبق حاصل کرنے اور ہمت، استقامت کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button