قومی

دہشتگردی کا خاتمہ ضروری، عزم استحکام آپریشن کی مکمل حمائیت کرتے ہیں، عبدالعلیم خان

وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ اور ریاست دشمن کاروائیوں میں ملوث عناصر کا قلع قمع کرنا ضروری ہے ،اس لیے عزم استحکام آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج پر حملے قابل مذمت ہیں ،اسی طرح سرحدی علاقوں میں ہمارے جوانوں کے خلاف کاروائیاں کرنے والوں کا محاسبہ ضروری ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے صوبہ کے پی کے سے سینئر پارٹی رہنما جی جی جمال سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ مایوسی کی کوئی بات نہیں، ملک کا مستقبل محفوظ اور شاندار ہاتھوں میں ہے اور سرمایہ کاری اور ملکی ترقی کے لئے امن و امان انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے لئے ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔

و فاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ چین، افغانستان اور سینٹرل ایشیا کے لئے”گیٹ وے”کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ محکمہ مواصلات بین الصوبائی شاہراہوں اور موٹرویز کی تعمیر کے لئے کے پی کے کو ترجیح دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کا حل اور ملک کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے ہم سب کو مل کر کاوشیں کرنا ہوں گی جس کے لئے سیاسی قیادت اور کارکنوں کامرکزی کردار ہے۔

عبدالعلیم خان نے جی جی جمال سے کہا کہ وہ صوبہ کے پی کے میں پارٹی کو مزید فعال بنانے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں جن میں اُن سے مرکزی قیادت کی طرف سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر جی جی جمال نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پارٹی کی مضبوطی کے لئے فعال انداز میں کام کرنے کا یقین دلایا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button