کھیلوں کی دنیا

پیرس اولمپکس کا کائونٹ ڈائون جاری ، 14دن باقی، تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

پیرس اولمپکس گیمز 26 جولائی سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شروع ہوں گی جو 11 اگست تک جاری رہیں گی۔ پیرس اولمپکس گیمز کا کائونٹ ڈائون جاری ہے ،کھیلوں کے بڑے میلے کو سجنے میں 14 دن باقی رہ گئے ہیں۔ فرانسیسی دارالحکومت اپنی تاریخ میں تیسری بار دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے مصروف ہے۔رنگا رنگ اور سحر انگیز افتتاحی تقریب میں تقریبا آدھا ماہ باقی رہ گیا ہے، پیرس اولمپکس گیمز کی انتظامیہ کے مطابق کھیلوں کے سب سے بڑے میلے کو سجانے کے لئے بھرپور تیاریاں اپنے آخری مراحل میں ہیں۔ پیرس اولمپکس گیمز میں32 کھیلوں کے329 ایونٹس ہوں گے جن میں دنیا بھر سے تقریبا ساڑھے10 ہزار اتھلیٹس شرکت کریں گے۔ پیرس اولمپکس جن کے آغاز میں اب 14 دن کا وقت رہ گیا ہے ، میں شرکت کرنے والے کئی ایتھلیٹس نے اولمپک گیمز کے دوران متوقع ہیٹ ویو پر خدشات کا اظہار کیا ہے ۔

ورلڈ ایتھلیٹکس کے صدر سیباسٹین کو نے کہا کہ اولمپک گیمز کے دوران زیادہ درجہ حرارت ایتھلیٹس کے لئے نیند میں خلل سے لے کر تنائو اور زخمی ہونے تک کے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔اس کے علاوہ گرمی کی شدت عوام کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز کے موقع پر لاکھوں شائقین پیرس میں جمع ہوں گے۔ ایتھلیٹس کے خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے پیرس اولمپکس 2024 کی آرگنائزنگ کمیٹی نے آنے والے دنوں اور ہفتوں کے دوران تیاریوں کے عمل کو مزید تیز کردیا ہے ، اہم سہولیات اور مقامات میں مین پریس سنٹر، انٹرنیشنل براڈکاسٹ سنٹر اور اولمپک ولیج شامل ہیں جس میں 14,000 سے زیادہ رہائشیوں کی جگہ بنائی جائے گی جن میں اتھلیٹس، کوچز، معاون عملہ اور اہلکار رہیں گےجبکہ دیگر مقامات کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔پیرس اولمپکس 2024 کی آرگنائزنگ کمیٹی کے مین آپریشن سینٹرنے رواں سال اپریل کے وسط سے ہی کام شروع کر دیا تھا ۔پیرس کے اہم مقامات جیسے کنکورڈ اور ٹروکاڈرو پبلک اسکوائرز، انویلائیڈز یادگار اور ایفل ٹاور پر عارضی سہولیات کی تعمیر مکمل ہونے کے قریب ہے۔ ان کاموں میں باسکٹ بال، سکیٹ بورڈنگ،بی ایم ایکس اور بریک ڈانسنگ جیسے ایونٹس کے لیے 37,000 تماشائیوں کی گنجائش کے لیے عارضی گرانڈ سٹینڈز شامل ہیں۔ حکام نے شہر کے بڑے حصوں کو پیدل چلنے والوں کے لیے دوستانہ بنانے کے لیے راستے بھی بنائے ہیں۔مقابلوں کی جگہ پر کوالیفائنگ شیڈول کا 80فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے جو 8000 سے زیادہ اتھلیٹس کی نمائندگی کر ے گا۔ کھیلوں کے میگا ایونٹ کے بقیہ سلاٹس کی تصدیق جون کے آخر تک ہو جائے گی اور قومی کمیٹیوں کے پاس اپنے کھلاڑیوں کو رجسٹر کرانے کے لیے 8 جولائی تک کا وقت ہے۔

پیرس اولمپکس 2024 کے لیے اب تک 80 لاکھ سے زیادہ ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں جو پہلے ہی اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ یہ اب تک کے بہترین کھیلوں میں سے ایک ہو گا۔آرگنائزنگ کمیٹی کے مطابق ڈرون حملوں جیسے ممکنہ خطرات کے خدشات کے باعث فرانسیسی حکومت نے اولمپک کی افتتاحی تقریب کے لیے تماشائیوں کی تعداد کو آدھا کر دیا ہے،تاہم صدر ایمانویل میکرون نے عندیہ دیا ہے کہ اگر سکیورٹی خطرات بڑھتے ہیں تو تقریب کو ایک بند سٹیڈیم میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حکومت تقریباً 20,000 فوجیوں اور 40,000 سے زیادہ پولیس افسران کو تعینات کر رہی ہے جن میں دوسرے ممالک کے 2,000 فوجیوں اور پولیس افسران کی اضافی مدد حاصل ہوگی ۔پیرس پولیس کے سربراہ لارینٹ نونیز کا کہنا ہے کہ گیمز کے دوران تقریباً 30,000 پولیس افسران اور مسلح افواج کے 18,000 سپاہی روزانہ متحرک ہوں گے۔منتظمین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حفاظتی اقدامات شرکااور تماشائیوں کی حفاظت کی ضمانت دیں گے۔واضح رہے کہ پیرس اولمپکس گیمز 11اگست کو اختتام پذیر ہوں گے

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button