ٹاپ نیوز

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرآئیزیشن اور بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صوبوں میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینے اور بجلی چوری کی روک تھام کے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرآئیزیشن اور بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نےکہاکہ شمسی توانائی بجلی پیدا کرنے کا سستا ترین ذریعہ ہے اسی لئے توانائی کے شعبے میں شمسی توانائی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے،بلوچستان کے بعد پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے صوبوں کی حکومتوں کے ساتھ مل کر کسانوں کی خوشحالی کے لئے کام کریں گے۔

وزیراعظم نے صوبوں میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینے اور بجلی چوری کی روک تھام کے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔بجلی چوری کے حوالے سے وزارت توانائی سے تعاون پر وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کی تعریف کی۔وزیراعظم نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں کے حوالے سے سمارٹ میٹرنگ کا نظام متعارف کرانے اور اس حوالے سے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے چاروں صوبوں کی بجلی کی ایک ایک تقسیم کار کمپنی کو سمارٹ میٹرنگ کے حوالے سے ماڈل بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم کو زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی اور انسداد بجلی چوری پر کئے جا رہے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈیزل سے چلنے والے زرعی ٹیوب ویلوں کو ماحول دوست شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے 2.7 ارب امریکی ڈالرز کا زر مبادلہ بچایا جا سکے گا۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ انسداد بجلی چوری مہم میں ستمبر 2023 سے اب تک ملک بھر میں 84,366 افراد کو گرفتار کیا گیا ، 174,562 ایف آئی آرز درج ہوئیں، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے 456 ملازمین کو معطل کیا گیا اور 421,460 کیسز فائل کئے گئے،حال ہی میں خیبر پختونخوا میں ایک ہزار ایک سو تیرہ نئے میٹرز لگائے گئے اور تقریباً 12 ہزار کنڈے ہٹائے گئے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری ، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک (بذریعہ وڈیو لنک)، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل (بذریعہ وڈیو لنک ) اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی جبکہ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے بھی اجلاس میں بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button