عالمی

غزہ سےانخلا کے اسرائیلی احکامات فلسطینیوں کے لئے بڑے پیمانے پر مصائب و آلام کا باعث بنیں گے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ کے غزہ سےانخلا کے اسرائیلی احکامات فلسطینیوں کے لئے بڑے پیمانے پر مصائب و آلام کا باعث بنیں گے۔ اقوام متحدہ کے ادارے آفس فار دی کوارڈینیشن آف ہیومینیٹیرین افیئرز(او سی ایچ اے) کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے مکینوں کی اکثریت پہلے ہی متعدد بار بے گھر ہو چکی ہے اور انخلا کے نئے اسرائیلی احکامات فلسطینی خاندانوں کے مصائب و آلام میں بڑے پیمانے پر اضافے کا باعث بنیں گے۔رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ کئی بار بے گھر ہو نے والے ان تباہ حال فلسطینیوں کو اس وقت تحفظ اور بنیادی ضروریات فراہم کی جانی چاہییں اور جب ہم کہتے ہیں کہ تمام فریقوں کو ہر وقت بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کرنا چاہیےتو اس سے ہمارا یہی مطلب ہوتا ہے ۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے انخلا کے تازہ ترین اسرائیلی احکامات کے حوالے سے کہا کہ ہم واضح طور پر ان پیش رفتوں کو بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں اور سیکرٹری جنرل کو آگاہ رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے احکامات غزہ میں کام کرنے والے امدادی اداروں کے کارکنوں کے لئے بھی مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔دریں اثنا مقبوضہ فلسطینی علاقے کے لیے او سی ایچ اے کے کوآرڈینیٹر محناد ہادی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ غزہ کے مکینوں کی امداد کے لئے مزید فنڈنگ ​​کی فوری ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں امدادی سامان لے کر آنے والے ٹرکوں کی توڑ پھوڑ کی جاتی ہے اور ان پر لدا ہوا سامان ضائع کر دیا جاتا ہے ۔ امدادی سامان نہ پہنچنے سے غزہ کے مکین سخت مشکلات میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ کئی خواتین نے سر دھونے کے لئے صابن اور پانی نہ ہونے کی وجہ سے اپنے بال کاٹ دیئے ہیں اور تنگ جگہوں پر زیادہ تعداد میں لوگوں کے رہنے سے سماجی اور نفسیاتی مسائل پید اہورہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ غزہ کے علاقے میں طبی سہولیات کی شدید قلت کی وجہ سے بیمار اور زخمی افراد کے علاج معالجے میں سخت مشکلات درپیش ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button