کھیلوں کی دنیا

بھارت نے زمبابوے کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں 23 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2کی برتری حاصل کرلی

بھارتی کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں 23 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2کی برتری حاصل کرلی ہے، بھارت کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان زمبابوے 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا پائی، بھارتی کپتان شبمن گل نے 66 رنز کی بہترین اننگز کھیلی ، واشنگٹن سندر کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

بدھ کے روز ہرارے میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، اوپننگ جوڑی یشاسوی جیسوال اور کپتان شبمن گل نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 67 رنز بنائے، شبمن گل 49 بالوں پر 66 رنز اور جیسوال 36 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ رتوراج گائیکواڈ نے 28 بالوں پر 49 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز میں ابھیشیک شرما 10 اور سنجو سیمسن 12 رنز بنائے۔

زمبابوین بائولربلیسنگ موزارابانی اور سکندر رضا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بنا سکی، میزبان ٹیم اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی جب اس کی ابتدائی 5 وکٹیں 39 کے مجموعی سکور پر ہی گر گئیں۔ اس موقع پر ڈیون میئرز نے کلائیو مداندے کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 116 کے مجموعی سکور پر مداندے 37 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔

ڈیون میئرز نے ایک اینڈ پر وکٹ کو سنبھالے رکھا جبکہ دوسری طرف زمبابوے کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ اننگز کے اختتام پر ڈیون میئرز 49 بالوں پر 65 رنز اور ولینگٹن مساکڈزا 18 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارت کی طرف سے واشنگٹن سندر نے 15 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ اویش خان نے دو اور خلیل احمد نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح بھارت نے میچ میں 23 رنز سے فتح حاصل کرکے پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل کرلی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button