عالمی

نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی ملاقات

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے افغان مہاجرین پر خصوصی توجہ کے ساتھ عالمی مہاجرین کی صورتحال سے متعلق وسیع مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور یو این ایچ سی آر کے درمیان دیرینہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہائی کمشنر فلیپو گرانڈی نے کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کی کوششوں اور تعاون کو سراہتے ہوئے اسے ملک کی مہمان نوازی کی ایک شاندار مثال قرار دیا۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو یو این ایچ سی آر کے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی اور پاکستان اور یو این ایچ سی آر کے درمیان پائیدار روابط اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر اور ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بھر میں ابھرنے والی نئی انسانی صورتحال سے عالمی توجہ کو لاکھوں افغانوں کی ضروریات سے نہیں ہٹانا چاہیے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے بین الاقوامی یکجہتی کے مسلسل مظاہرے اور بین الاقوامی ذمہ داری اور بوجھ بانٹنے کے اصول پر وفاداری سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ہائی کمشنر نے افغان مہاجرین کو ضروری امداد کی فراہمی اور ان کی اچھی، محفوظ اور باوقار واپسی کے لیے پائیدار حل کے نفاذ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button