کھیلوں کی دنیا

پاکستان بنگلہ دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرے گا،21 سال بعد پاکستان کی پہلی سہ فریقی ون ڈے سیریز ہوگی،قومی ٹیم رواں سال نومبر سے آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے جمعہ کو 2024-25 مینز ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم رواں سیزن میں تین ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے ساتھ ساتھ چیمپئنز ٹرافی سے قبل سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلے گی جو 21 سال میں اس کی پہلی سہ فریقی ون ڈے سیریز ہوگی۔ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا جس کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے25 اگست تک راولپنڈی میں اور دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے 3 ستمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔ انٹرنیشنل ہوم سیزن کا اختتام آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 پر ہوگا جس کا فائنل 9 مارچ کو تجویز کیا گیا ہے۔اس کے درمیان پاکستان انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا ، جس کا پہلا میچ 7 تا 11 اکتوبر تک جو ملتان میں ،دوسرا میچ 15تا 19 اکتوبر تک کراچی میں اور تیسرا میچ 24تا28 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی میں 16 تا 20 جنوری اور ملتان میں 24 تا 28 جنوری ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز ملتان میں 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی۔

بنگلہ دیش نے آخری بار پاکستان میں ٹیسٹ فروری 2020 میں کھیلا تھا۔ انگلینڈ نے آخری بار پاکستان میں ٹیسٹ سیریز دسمبر2022 میں کھیلی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے آخری مرتبہ پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز نومبر2006 میں کھیلی تھی ،ویسٹ انڈیز کے کپتان برائن لارا اور پاکستان کے کپتان انضمام الحق تھے۔پاکستان نے آخری مرتبہ ویسٹ انڈیز کی میزبانی اکتوبر 2016میں متحدہ عرب امارات میں کی تھی۔ہوم انٹرنیشنل میچز کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جہاں وہ 4 نومبر سے 7 جنوری کے دوران 2 ٹیسٹ 9 ون ڈے اور 9 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔اگست 2024 سے مارچ 2025 کے دوران میں پاکستان کرکٹ ٹیم 9 ٹیسٹ 9 ٹی ٹونٹی اور کم ازکم 14 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔ ون ڈے میچوں کی تعداد چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی کارکردگی کی بنیاد پر بڑھ سکتی ہے۔ہوم انٹرنیشنل سیزن کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کی منصوبہ بندی میں بھی مصروف ہے جن میں خواتین ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ بھی شامل ہیں۔

بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 9 ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 کا حصہ ہوں گے۔ پاکستان نے اب تک سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف 2 سیریز میں 5ٹیسٹ کھیلے ہیں جن میں سے 2 میں فتح اور3میں شکست ہوئی ہے اس طرح وہ 22 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔ کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں 7ٹیسٹ اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جائیں گے۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں اس وقت آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں نئے سرے سے ڈیزائن اور تعمیر نو کا کام جاری ہے لیکن توقع ہے کہ 19 فروری سے 9 مارچ تک زیادہ تر ہائی پروفائل میچز کے لیے سٹیڈیم تیار ہوگا۔ آئی سی سی ، چیمپئنز ٹرافی 2025 کی مزید تفصیلات کا مقررہ وقت پر اعلان کرے گی۔پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے ہمارے لیے 2024-25 کے ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کو حتمی شکل دینا اور اس کا اعلان کرنا انتہائی اہم تھا۔ یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ مردوں کی کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ اور پی سی بی ایونٹ سٹاف کے پاس ان سیریز کی تیاری، منصوبہ بندی اور ہماری بہت زیادہ توقعات اور معیار پر پورا اترنے کے لیے کافی وقت ہے جس سے پاکستان کے ایک بہترین کرکٹ قوم اور پی سی بی کے ایک مکمل پیشہ ور ادارے کی مکمل عکاسی ہوتی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہوم انٹرنیشنل میچوں کے مکمل شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے ہم اپنے پرجوش مقامی اور سفر کرنے والے کرکٹ کے شائقین کو ان کی تعطیلات کی منصوبہ بندی کے لیے مدعو اور حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں۔ وہ نہ صرف دلچسپ کرکٹ سے محظوظ ہوں گے بلکہ انہیں اس خوبصورت ملک کی سیر کرنے کا موقع بھی ملے گا جس کے پاس پیش کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔محسن نقوی کا کہنا ہے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے قبل 5 کرکٹ کھیلنے والے اہم ممالک کی ٹیموں کے دورے جس کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں 7ممالک کی شرکت یعنی ان 8 ماہ میں 12ٹیموں کی میزبانی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی اہمیت اور قد کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ ہم ان ٹیموں اور کھلاڑیوں کی شرکت کو دل کی گہرائیوں سے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو ہمارے میدانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور مسابقتی جذبہ لائے گی۔ یہ میچ صرف کھیلوں کے مقابلے نہیں ہیں، یہ ہماری قوم کی کھیل سے ہماری محبت اور ہمارے عزم کا ثبوت ہیں۔ پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے اور کھیل کے فروغ اور ترقی میں آئی سی سی اور اس کے تمام اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پی سی بی اور پاکستانی کرکٹ شائقین کی جانب سے، میں اگلے 8مہینوں میں تمام شرکاکا خیرمقدم کرنے کا منتظر ہوں۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری کا کہنا ہے کہ ہم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچوں کے لیے بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان کے شیڈول کی تصدیق کرنے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ سیریز ہمارے لیے ایک اہم امتحان ہے لیکن یہ اس فارمیٹ میں ہماری پیش رفت کو ظاہر کرنے کا ایک موقع بھی ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسین شانتو کا کہنا ہے کہ ایک ٹیم کے طور پر ہم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے پاکستان واپسی کے منتظر ہیں۔ پاکستان میں کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنجنگ لیکن ایک دلچسپ موقع ہوتا ہے اور ہمیں انہی کے میدان میں ایک مضبوط ہوم سائیڈ کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کرنی ہوگی۔انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ ُ گلڈ کا کہنا ہے کہ ہم اکتوبر میں تین ٹیسٹ میچوں کے اس دورے کے لیے پاکستان واپس آنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹیو جانی گریوو نے بھی اپنی ٹیم کے دورۂ پاکستان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ ویسٹ انڈیز ٹیم حالیہ برسوں میں پاکستان کا دورہ کرتی رہی ہے لیکن دو عشروں میں یہ پاکستان کی سرزمین پر اس کی پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ 2006میں بھی ویسٹ انڈیز نے کراچی اور ملتان میں ٹیسٹ کھیلے تھے اور ہم ایک بار پھر پاکستان جیسے قابل فخر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملک کا دورہ کرکے یہاں کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کےشیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان ( 2 ٹیسٹ ) پر محیط ہوگا ۔21 تا 25اگست تک پہلا ٹیسٹ راولپنڈی جبکہ30 اگست تا 3ستمبرتک دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں کھیلا جائے گا۔انگلینڈ کا دورہ پاکستان ( 3 ٹیسٹ ) میچز پر محیط ہوگا۔7 تا 11 اکتوبرتک پہلا ٹیسٹ ملتان ، 15 تا 19 اکتوبرتک دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی،24تا 28 اکتوبرتک تیسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان میں 16 تا 20جنوری تک پہلا ٹیسٹ ،کراچی میں کھیلا جائے گا۔24 تا 28جنوری تک دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان میں کھیلا جائے گا۔

نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان میں ( سہ فریقی ون ڈے سیریز ) منعقد ہوگی۔8 فروری کوپاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ ملتان ،10 فروری جنوبی افریقہ بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ ملتان،12فروری پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ میچ ملتان میں جبکہ 14 فروری کو فائنل میچ ہوگا ،آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی شیڈول کا اعلان آئی سی سی کرے گی۔شریک ٹیموں میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت ، نیوزی لینڈ، پاکستان اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔19 فروری افتتاحی میچ جبکہ9 مارچ فائنل میچ ہوگا۔پاکستان سے باہر پاکستان ٹیم کا انٹرنیشنل شیڈول 2024-25 میں پاکستان کا دورہ آسٹریلیا( 3 ون ڈے ، 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل )پر مشتمل ہوگا۔4 نومبرکو پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میلبورن ،8 نومبر کودوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ ایڈیلیڈ،10 نومبرکو تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل پرتھ میں ہوگا۔14نومبرپہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل برسبین،16 نومبر دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سڈنی،18 نومبرلوتیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ہوبارٹ میں ہوگا۔پاکستان کا دورۂ زمبابوے ( 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل )مشتمل ہوگا۔24 نومبر پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ، بولاوایو، 26 نومبر دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ بولاوایو،28 نومبر تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ بولاوایو،یکم دسمبرپہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بولاوایو،3 دسمبردوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بولاوایو،5 دسمبرتیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بولاوایو میں منعقد ہوگا۔

پاکستان کا دورۂ جنوبی افریقہ ( 3ٹی ٹونٹی ۔ 3ون ڈے اور 2ٹیسٹ ) پر مشتمل ہوگا۔10 دسمبرکو پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ڈربن ،13 دسمبردوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ سنچورین،14 دسمبرتیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ جوہانسبرگ،17دسمبر پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ پارل،19دسمبر دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کیپ ٹاؤن،22 دسمبرتیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ جوہانسبرگ،26تا 30 دسمبرپہلا ٹیسٹ میچ سنچورین،3 تا 7 جنوری دوسرا ٹیسٹ میچ کیپ ٹاؤن میں منعقد ہوگا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button