کاروباری

مالی سال 2023-24ء میں پاکستان کی برآمدات 13.8 اضافہ کے ساتھ 30 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں

سینٹ قائمہ کمیٹی برائے تجارت کو بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2023-24ء میں پاکستان کی برآمدات 13.8 اضافہ کے ساتھ 30 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ خوراک و زراعت کی برآمدات بڑھ کر 26 فیصد تک پہنچ گئیں۔ قائمہ کمیٹی کا افتتاحی اجلاس سینیٹر انوشہ رحمن کی زیر صدارت بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔

اجلاس کا بنیادی مقصد وزارت تجارت اور اس سے منسلک محکموں خاص طور پر پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی)، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان، نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ، پاکستان ری انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے امور کے بارے میں جامع بریفنگ لینا تھا۔کامرس ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری انچارج نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ وزارت تجارت کو درآمدات اور برآمدات کو ریگولیٹ کرنے اور پرائیویٹ سیکٹر کے لیے تجارتی پالیسیاں بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے کی زمہ دار ہے۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت تجارت نے نو نئے مشن تجویز کیے ہیں جن میں ملائیشیا، عراق، عمان، تنزانیہ، کینیا اور موزمبیق شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2023-24 میں پاکستان کی برآمدات 30 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو کہ مالی سال 2022-23 کے 26.8 بلین ڈالر سے 13.8 فیصد زیادہ ہے۔ مزید اہم بات یہ ہے کہ زراعت اور خوراک کی برآمدات مالی سال 2022-23 میں 19 فیصد سے بڑھ کر مالی سال 2023-24 میں 26 فیصد تک پہنچ گئیں۔ مزید یہ کہ وزارت نے چین کو گدھے کی کھالوں کی برآمد کے لیے پروٹوکول کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس فہرست میں گدھے کا گوشت بھی شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت نے پیاز، آلو اور مرچوں کی چین کو برآمد کے لیے پروٹوکول کو حتمی شکل دے دی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کی چیئرپرسن سینیٹر انوشہ رحمان نے زور دے کر کہا کہ پاکستان پیاز کی اپنی طلب کا صرف پانچواں حصہ پیدا کرتا ہے، جس کی وجہ سے پیاز کی برآمد کا جواز فراہم کرنا کافی مشکل ہے۔ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ وسطی ایشیائی ممالک خاص طور پر ازبکستان، تاجکستان اور قازقستان کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

پاکستانی ٹرک ہر ماہ 2.2 سے 3 ملین ڈالر کا سامان لے جاتے ہیں، اور وزارت کو توقع ہے کہ وسطی ایشیائی ممالک سے تجارت میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے چیئرمین نے ٹی سی پی کے آپریشنز اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں سینیٹر ذیشان خانزادہ، سینیٹر سرمد علی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر فیصل سلیم رحمان، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، ایڈیشنل سیکرٹری انچارج وزارت تجارت احسن علی منگی اور متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button