عالمی

فلائی دبئی نے اسلام آباد اور لاہور کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا

متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے اسلام آباد اور لاہور کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ یکم جولائی سے شروع ہونے والی یہ پروازیں روزانہ کی بنیاد پر چل رہی ہیں۔ اولین پروازیں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر ایئر پورٹ حکام نے انہیں واٹر کینن سلامی دی۔

یو اے ای کے ذرائع ابلاغ کے مطابق اس موقع پر فلائی دبئی کے سینئر نائب صدر کمرشل آپریشنزبرائے یواے ای، جی سی سی، افریقا اور برصغیر پاک و ہندسدھیر سریدھرن نے کہا کہ ہم ہمیشہ اپنے صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے خواہاں رہتے ہیں۔ اسلام آباد اور لاہور کے لئے روزانہ کی بنیاد پر براہ راست پروازوں کا آغاز ہمارے لئے خوش کن ہے۔ اس سے ہمارے زیادہ سے زیادہ مسافروں کو متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے ان شہروں کے درمیان بہتر سفر ی سہولتیں حاصل ہو ں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شہروں کے لئے فلائی دبئی کی پروازوں کے شیڈول اور کرائے کی معلومات کمپنی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں فلائی دبئی کے نیٹ ورک میں فیصل آباد، اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، کوئٹہ اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ 88 بوئنگ 737 طیاروں کے بیڑے کے ساتھ فلائی دبئی 58 ممالک کے 125 سے زیادہ شہروں میں سفری خدمات فراہم کر رہی ہے ۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button