کھیلوں کی دنیا

نواں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،جنوبی افریقا کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ،افغانستان کو پہلے سیمی فائنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست

جنوبی افریقا کی ٹیم آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں افغانستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچ گئی ،پروٹیز بائولرز کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت افغانستان کی ٹیم 11.5اوورز میں 56 رنز بناسکی۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کے بائولرز کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی ، کوئی بیٹر جنوبی افریقی بولرز کا مقابلہ نہیں کر سکا اور اس کے 10کھلاڑی دہراہندسہ بھی عبور نہ کر پائے۔جنوبی افریقا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 8.4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

جنوبی افریقا کی ٹیم نے سال 2009 اور 2014 میں سیمی فائنل کھیلا تھا لیکن اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس مرتبہ وہ مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا عزم لیکر میدان میں اتری اور افغانستان کو شکست دے کر پہلی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔مارکو جانسن کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔برائن لارا سٹیڈیم، تاروبا، ٹرینیڈاڈمیں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں افغانستان ٹیم کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پروٹیز بائولرز کی تباہ کن بائولنگ کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی ،افغانی ٹیم کی جانب سے صرف عظمت اللہ عمر زئی 10 رنز بنا سکے ہیں، رحمان اللہ گر باز، محمد نبی اور نو ر احمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے ۔ابراہیم زدران 2،گلبدین نائب 9، ننگیالیا خروٹے2، کریم جنت 8، کپتان راشد خان 8 اور نوین الحق 2 رنز سکور کر پائے۔افغانی ٹیم کی ٹیم 11.5اوورز میں 56 رنز بناسکی اور اس نے جنوبی افریقا کو میچ میں کامیابی کے لئے 57 رنز کا ہدف دیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 3، 3 جبکہ کاگیسورباڈا اور اینریچ نورٹجی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔افغانستان کی جانب سے ملنے والے آسان ہدف 57 رنز کے تعاقب میں اننگز اوپن کرنے کیلئے آنے والے جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔

جنوبی افریقا کے ریزا ہینڈرکس نے 29 اور کپتان ایڈرن مارکرم نے 23 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے میں کردار ادا کیا۔افغانستان کی جانب سے اننگز کی واحد وکٹ فضل حق فاروقی نے حاصل کی۔یوں جنوبی افریقا نے افغانستان کی ٹیم کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ میگا ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ مارکو جانسن کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل میچ 29 جون کو کینسنگٹن اوول، برج ٹاؤن، بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button