قومی

وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کا منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف بین الاقوامی دن کے موقع پر پیغام

وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم ہر سال 26 جون کو منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف بین الاقوامی دن مناتے ہیں، یہ دن ہمارے معاشرے میں منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والے مستقل خطرات کی پختہ یاد دہانی ہے، پاکستان طویل عرصے سے معاشرے پر منشیات کے مضر اثرات اور اس سے وابستہ جرائم، تشدد، صحت کی خرابی اور پیداواری صلاحیت میں کمی جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔

منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف بین الاقوامی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس چیلنج کی شدت کو تسلیم کرتے ہوئے نیشنل اینٹی نارکوٹکس پالیسی 2019 کے تحت منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف جامع اقدامات کر رہی ہے، یہ پالیسی ایک جامع نقطہ نظر پر مشتمل ہے جس میں منشیات کی طلب اور فراہمی میں کمی اور بین الاقوامی تعاون شامل ہے، یہ سٹریٹجک ستون ہماری سرحدوں کے اندر منشیات کے پھیلائو کا مقابلہ کرنے کی ہماری کوششوں کی بنیاد کے طور پر کام کرتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے معاشرے پر منشیات کے استعمال کے تباہ کن اثرات کے پیش نظر، منشیات کے خلاف اس جنگ کو قومی ترجیح بنانا ناگزیر ہے، بطور وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف یہ جنگ اس وقت تک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتی جب تک ہم سب بحیثیت قوم پاکستان کو منشیات سے پاک، ایک صحت مند معاشرہ بنانے کے اس عظیم مقصد کے لئے مشترکہ کوششں نہ کریں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جیسا کہ اس سال کا موضوع ہے کہ "ثبوت واضح ہے: پرہیز میں سرمایہ کاری کریں”، میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس اہم مشن میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، منشیات سے پرہیز ہماری حکمت عملی کا مرکز ہے اور ہمیں منشیات کے استعمال کی لہر کو روکنے کے لیے آگاہی، کمیونٹی کی شمولیت اور قانون کے نفاذ کو ترجیح دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آئیے منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف اس بین الاقوامی دن کے موقع پر ہم ایک صحت مند اور منشیات سے پاک پاکستان کی تعمیر کے اپنے عزم کا اعادہ کریں، ہم سب مل کر اپنی قوم اور آنے والی نسلوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button