ٹاپ نیوز

وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین گیٹس فائونڈیشن بل گیٹس کا نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کا دورہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور گیٹس فائونڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس نے پیر کو نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا۔ وزیراعظم اور چیئرمین گیٹس فائونڈیشن نے این ای او سی کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں ماہرین نے انہیں ادارے کے آپریشنز کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے شرکاء کو این ڈی ایم اے اور این ای او سی کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی جس میں قدرتی آفات اور انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے واقعات سمیت کسی بھی آفت کی پیشین گوئی اور ان سے نمٹنے کے لیے پہلے اور بعد کے عوامل شامل ہیں۔

چیئرمین گیٹس فائونڈیشن نے این ای او سی میں جدید ترین سہولیات کی تعریف کی اور آفات کے نقصانات کو کم کرنے اور اس کے نتیجے میں تعمیر نو اور بحالی کو تیز کرنے کے لیے ان کی پیشین گوئی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس اہم شعبے کو ترجیح دینے کیلئے موجودہ حکومت کی کوششوں کو بھی سراہا۔اس کے بعد وزیر اعظم، چیئرمین گیٹس فائونڈیشن، وفاقی وزیر برائے اطلاعات، نشریات و ثقافتی ورثہ عطاء اللہ تارڑ، وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم، انٹرپرینیورز، موسمیاتی تبدیلی کے کارکنوں اور ماہرین نے ایک انٹریکٹو اجلاس میں بھی حصہ لیا۔

اجلاس میں صحت، غذائی تحفظ، صنفی توازن، بیماریوں کی روک تھام، موسمیاتی تبدیلی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، موسمیاتی لچکدار زراعت اور دیگر متعدد شعبوں کے حوالے سے جدید اقدامات اور خصوصی طور پر پاکستان کے ماحول کے مطابق تیار حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات گیٹس فائونڈیشن اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے تعاون کے پختہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے گیٹس فائونڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا کہ وہ پاکستان کی متعدد شعبوں میں مدد کرنے کیلئے پر عزم ہیں جن سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button