ٹاپ نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس کی ملاقات، پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، پولیو کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے پیر کو یہاں ملاقات کی ۔ بل گیٹس وزیراعظم پاکستان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے عالمی اقتصادی فورم کے اس سال ریاض میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر بل گیٹس سے اپنی ملاقات کے دوران انہیں پاکستان کا دورہ کرے کی دعوت دی تھی۔ وزیر اعظم نے بل گیٹس کو معاشی استحکام کے حصول کے لئے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں اہم پیشرفت، صحت کی سہولیات تک رسائی میں بہتری، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موافقت اور پولیو کے خاتمے کی حکومتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات کے لئے گیٹس فاؤنڈیشن کی گراں قدر حمایت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پورے حکومتی ڈھانچے کے ایک ڈیجیٹلائزڈ ایکو سسٹم کے نتیجے میں محصولات میں اضافہ ہوگا جس سے گورننس کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور حکومت عوامی بہبود کی اسکیموں پر زیادہ خرچ کرنے کے قابل ہوگی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن دونوں کے بہت سے اہداف ہیں جن میں صنفی فرق کو ختم کرنا، صحت کی سہولیات تک رسائی میں اضافہ، غذائی تحفظ کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موافقت اور مالیاتی شمولیت شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے گیٹس کو مؤخر الذکر شعبہ جات میں پیشرفت اور درپیش چیلنجوں سے آگاہ کیا۔

پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے لئے سب سے بڑا عطیہ دہندہ ہونے پر گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پولیو وائرس کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے خطرات سے نمٹنے کے لئے ایک مضبوط اور مرکوز حکمت عملی اور پاکستان میں اس بیماری کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے درکار اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب تک ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے تک اس حوالے سے قومی سطح پر کی جا رہی کوششوں کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا ۔ بل گیٹس نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے مسلسل لگن اور ذاتی دلچسپی کے لئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ مسلسل ویکسینیشن اور حکومت کے پختہ عزم کے ساتھ پولیو کے خاتمے کی مہم میں بہتری آئے گی۔ بل گیٹس نے ڈیٹا سائنس ٹولز اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو پاکستانیوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے اہم وسائل قرار دیا۔

دونوں فریقوں نے نہ صرف پولیو کے خاتمے بلکہ تمام صوبوں میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور تمام پاکستانیوں خصوصاً خواتین کی فلاح و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button