عالمی

اسرائیل نےغزہ میں بار بار بھاری بموں کا استعمال کیا جو جنگی قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتا ہے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے غزہ میں 6اسرائیلی حملوں میں کم از کم 218 فلسطینیوں کی اموات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نےغزہ میں بار بار بھاری بموں کا استعمال کیا جو جنگی قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر او ایچ سی ایچ آر نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں غزہ میں 6 اسرائیلی حملوں کی تفصیلات فراہم کی ہیں جن میں ایک ہی طریقہ کار اپنائے جانے کی نشاندہی کرتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان حملوں میں رہائشی مکانات، سکول، مہاجرین کیمپوں اور ایک مارکیٹ پر حملے میں 2 ہزار پونڈ کے بم کے استعمال کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

انسانی حقوق کے دفتر نے ان حملوں میں ہونے والی 218 اموات کی تصدیق کی ہے جو 7 اکتوبر کے بعد غزہ میں شروع ہونے والی جنگ کے آغاز میں ہوئی تھیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اموات کی تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ انسانی حقوق کے دفتر کے سربراہ وولکر ترک نے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بم برسانے کی مہم میں جنگ کے ان طریقوں کی مسلسل خلاف ورزی کی گئی ہے جو شہری نقصان سے بچنے یا اسے ہر حد تک کم سے کم کرنے کے لیے اپنائے جاتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ نتیخہ اخذ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی حملوں کا تسلسل، جس کی مثال 9 اکتوبر سے 2 دسمبر کے درمیان ہونے والے 6حملوں میں بھی ملتی ہے، سے معلوم ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنگ کے قوانین کے بنیادی اصولوں کی بار بار خلاف ورزی کی ہے۔

رپورٹ میں جن اسرائیلی حملوں کا ذکر کیا گیا ہے ان میں گزشتہ سال 2 دسمبر کو غزہ کے علاقے شجاعیہ پر ہونے والا فضائی حملہ بھی شامل ہے۔ اس حملے میں 130 میٹر طویل حصے کو نقصان پہنچا تھا جبکہ 15 عمارتیں تباہ اور کم از کم 14 کو نقصان پہنچا تھا۔ سیٹلائٹ تصاویر سے نقصان کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ حملے میں تقریباً 2000 پونڈ کے نو جی بی یو 31 بم برسائے گئے ہیں۔

اقوم متحدہ کے مطابق اس حملے میں 60 افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ انسانی حقوق کے دفتر کے ترجمان جیریمی لارنس نے صحافیوں کو بتایا کہ جی بی یو 31، ایک ہزار پونڈ کا جی بی یو 32 ایس اور 250 پونڈ کا جی بی یو 39 ایس بم کنکریٹ کی متعدد منزلوں میں سے گزرتا ہوا بلند عمارتوں کو مکمل تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں کم از کم 37 ہزار 372 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button