قومی

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے احسن اقبال کو چوتھی مرتبہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی بننے پر مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ 2015 میں متعارف کرایا گیا وژن 2025 ملک کی معاشی اور سماجی ترقی کے لئے روڈ میپ تھا، حکومت نے یہ وژن ایسے وقت پیش کیا جب خودکش حملوں، توانائی بحران کی وجہ سے ملک کا معاشی اور سماجی شعبہ بری طرح متاثر تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور سماجی ناہموار یوں کے خاتمے کے لئے دو ہزار سے زائد ماہرین کے ساتھ مشاورتی عمل کے نتیجے میں وژن 2025 پیش کیا، بدقسمتی سے 2018 سے 2022 کے درمیان ملک کو بنا ٹھوس منصوبہ بندی اور وژن کے چلایا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی وفاق میں ایک قومی و معاشی منصوبہ ساز ادارے اور تھنک ٹینک کی حیثیت رکھتی ہے، وزارت منصوبہ بندی کو جدید عالمی رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں، جدید علوم سے آراستہ باصلاحیت افراد کی شمولیت اور نئے شعبوں کو وزارت منصوبہ بندی میں متعارف کرا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2022 کے دوران سیلاب کے موقع پر وزارت منصوبہ بندی نے قلیل مدت میں 4RF تشکیل دیا، 4RF کے نتیجے میں ملک کو موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے لئے پائیدار انفراسٹرکچر اور حکمت عملی اپنانے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ 2022میں ہی ماہرین سے مشاورت کے بعد 5Es پر مبنی فریم ورک تشکیل دیا گیا، 5Es فریم ورک معیشت، توانائی، ای گورننس و ڈیجیٹلایزیشن، ماحولیات اور سماجی مساوات کے لئے مضبوط بنیادیں فراہم کرتا ہے، 5Esقلیل المدتی حکمت عملی سے طویل المیعاد منصوبوں کے لئے روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سماجی انصاف کے حصول، وسائل کی منصافانہ تقسیم، خواتین و نوجوانوں کی قومی دھارے میں شمولیت کے لئے 5Es فریم ورک رہنما اصول متعین کرتا ہے، حکومت بنیادی تعلیم کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے بنیادی تعلیم سے محرومی کا خاتمہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر تعلیم، صحت اور انسانی وسائل کے شعبوں میں استعداد کار میں اضافے کے لئے صوبوں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہی ہے، 2013 سے 2018 کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں 108 فیصد اضافہ کیا گیا، 16ماہ کی قلیل مدت کے دوران اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور جامعات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے 2018 سے 2021 کے دوران مختص کردہ فنڈز کو دوگنا کر دیا گیا،

ہر ضلعی ہیڈکوارٹر پر یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے،ضلعی سطح پر یونیورسٹیوں کے قیام کے نتیجے میں اعلیٰ تعلیم کی خواہشمند خواتین طالبات کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئے،یونیورسٹی آف نارووال میں 7 ہزار میں سے 5ہزار طالبات زیر تعلیم ہیں،حکومت اعلیٰ تعلیم کے نصاب کو جدید تقاضوں سے آراستہ کرنے کے لئے تمام وسائل فراہم کر رہی ہے، جامعات میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کو ہنرمند بنانے کے جامع منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، بگ ڈیٹا، سائبر سکیورٹی اور آٹونیشن و روبوٹکس کے لئے جدید اسلوب پر عالمی معیار کے ٹیکنالوجی سنٹرز قائم کئے گئے ہیں،نوجوانوں کو عملی تجربہ دینے کے لئے وزارت منصوبہ بندی نے ینگ ڈویلپمنٹ فیلو اور نیشنل انٹرن شپ پروگرامز کا آغاز کیا، ینگ ڈویلپمنٹ فیلو پروگرام وزارت منصوبہ بندی کے تحت قابل اور باصلاحیت نوجوانوں کے لئے فلیگ شپ منصوبہ ہے ۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button