کھیلوں کی دنیا

آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ،بھارت نے پاکستان کو 6رنز سے ہرا دیا

آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو 6رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی ،گرین شرٹس کو متواتر دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19اوورز میں 119رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، جواب میں پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر113رنز بنا ، پاکستانی بلے بازوں نے مایوس کن اور ناقص بیٹنگ سے بائولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا، کوئی بھی بیٹر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، محمدرضوان 31رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اتوار کو نیویارک میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ گروپ اے کے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی فاسٹ بائولرز نے نپی تلی بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کر دیااور اسے 119رنز تک محدود رکھا، گرین شرٹس کے فاسٹ بائولرز کی برق رفتار گیندوں کے سامنے بھارتی سورما مکمل طورپر بے بس دکھائی ،کوئی بھی بلے باز کھل کر نہ کھیل سکا، بھارت کے 8کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، بھارتی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 19کے مجموعی سکور پر دونوں اوپنرز آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، ویرات کوہلی 4رنز بنا کر نسیم شاہ اور کپتان روہت شرما 13رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر ریشبھ پانٹ اور پٹیل کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی

تاہم 58کے سکور پر پٹیل 20رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، سوریا کماریادیو 7رنز بنا کر حارث رائوف کی گیند کا شکار بنے، شیوام ڈوبے 3رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے،اننگز کے 15ویں اوور میں محمدعامر نے مسلسل دو گیندوں پر ریشبھ پانٹ اور روندرا جدیجا کو آئوٹ کر کے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کوتہس نہس کر دیا، پانٹ 42اور جدیجا بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، ہارڈک پانڈیا 7، بمرا صفر اور ارشدیپ سنگھ 9رنز بنا کر چلتے بنے

نسیم شاہ اور حارث رائوف نے 3، 3محمدعامر نے 2اور شاہین آفریدی نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر113رنز بنا سکی، محمد رضوان 31رنز بنا کر نمایاں رہے دیگر کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، کپتان بابراعظم، عثمان خان اور فخر زمان 13،13، شاداب خان 4، افتخار احمد 5اورعماد وسیم 15رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، نسیم شاہ 10رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ بمرا نے 3، پانڈیا نے 2جبکہ ارشدیپ سنگھ اور پٹیل نے ایک، ایک وکٹ لی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button