کاروباری

آئی سی سی آئی میں کاروباری برادری کی سہولت کے لیے ’پولیس سینٹر آف سروسز‘ کا قیام عمل میں لایا جائے گا، ڈی آئی جی اسلام آباد

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی رضا نقوی نے ملک کی ترقی کے لیے تاجر برادری کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کاروبار کے فروغ کے لیے پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ بات انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں دارالحکومت کی مختلف مارکیٹوں کے تاجر رہنمائوں کے ہمراہ ایس ایس پی ٹریفک سرفراز ورک کے ساتھ بات چیت کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ تمام شاپنگ سینٹرز میں سیف سٹی کیمروں کے کام کو یقینی بنا کر سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے گا اور تاجر برادری کے تعاون سے بھکاریوں ، چھینا جھپٹی، منشیات فروشی وغیرہ جیسے مسائل پر بھی قابو پایا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ’24/7 پولیس سینٹر آف سروسز‘ قائم کیا جائے گا جہاں سے تاجر ایک ہی چھت تلے کریکٹر سرٹیفکیٹ، تصدیق اور دیگر مطلوبہ دستاویزات حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی کے صدر کے مطالبے کے مطابق آئی سی سی آئی کے احاطے میں ایک پولیس مصالحتی مرکز بھی قائم کیا جائے گا تاکہ تاجروں کے تنازعات کو ان کے اپنے نمائندوں کے ذریعے جلد اور خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی کو اس مقصد کے لیے ایک پولیس کارپوریٹ رابطہ کمیٹی تشکیل دینا ہوگی اور یقین دلایا کہ جب تک تنازعات میرٹ پر طے کیے جائیں گے اس معاملے میں پولیس کی مداخلت نہیں ہوگی۔

اپنے خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے قابل عمل ماحول کو یقینی بنانے اور کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے حکومت اور تاجر برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر کے طور پر اپنی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے احسن ظفر بختاوری نے امن و امان کی برقراری کو ملک کی ترقی کے لیے لازمی شرط قرار دیا اور اس مقصد کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تاجروں کے نمائندوں کو آن بورڈ لیا جانا چاہیے۔

کمیونٹی سے متعلق معاملات کے بارے میں انہوں نے ڈی آئی جی کو کمیونٹی کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا جن کے بارے میں فوری کارروائی کی ضرورت ہے جیسے کہ غیر فعال سیف سٹی کیمرے، ٹریفک کے مسائل، بھکاریوں کی آمد، منشیات کی فروخت وغیرہ۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اسلام آباد میں وژنری آئی جی اور ڈی آئی جی پولیس کی تعیناتی کو علاقہ مکینوں کے لیے نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرامن، سازگار اور کاروبار دوست ماحول کی دستیابی یقینی طور پر ثمر آور ہو گی اور اس سے ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔

ایس ایس پی ٹریفک سرفراز ورک نے بتایا کہ دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں 6 ڈرائیونگ ٹیسٹ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں اور آئی سی سی آئی میں جدید ترین پولیس فیسیلی ٹیشن سینٹر قائم کیا جائے گا جہاں سے تاجر برادری اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کر سکیں گے۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے پولیس سے تصدیق شدہ شناختی کارڈ جاری کرنے اور پولیس پکٹس ہٹانے کا مطالبہ کیا۔خالد چوہدری، اخلاق عباسی اور راجہ حسن اختر نے پولیس کے حوالے سے کمیونٹی کے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پرعزم ہیں، اس لیے انہیں تمام متعلقہ حلقوں کی جانب سے سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔

کنوینر پولیس ذیلی کمیٹی آئی سی سی آئی سیف الرحمان نے پولیس کارپوریٹ رابطہ کی اہمیت بیان کی۔اس موقع پر ایس پی سٹی خان اورنگزیب، راجہ حسن اختر، یوسف راجپوت، فیضان شہزاد، عبدالرحمن صدیقی، رضوان چینہ، چوہدری وسیم، چوہدری محمد علی اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button