عالمی

پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان رواں سال حج کی سعادت حاصل کر یں گے ،5روزہ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز14 جون سے ہو گا، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ15 جون ہفتہ کو ہوگا

پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان رواں سال حج کی سعادت حاصل کر یں گے۔ 5روزہ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز جمعہ 14 جون 2024 سے ہو گا، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 15 جون بروز ہفتہ کو ہوگا ، رواں سال عازمین حج کو بہترین سہولیا ت فراہم کرنے کے لئے انتظامات مکمل کر لیے گئے، مقدس مقامات پر حجاج کرام کی سیکورٹی کو یقینی بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق اب تک 12لاکھ سے زائد مسلمان حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں ۔ عازمین حج 5روزہ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز 14 جون، 2024 بروز جمعہ کو منیٰ میں پہنچ کر کریں گے۔ ایک دن منیٰ میں قیام کے دوران عازمین حج پانچ وقت کی نماز اور عبادت بجا لائیں گے۔ 15 جون بروز ہفتہ کی صبح عازمین حج میدان عرفات کیلئے روانہ ہو نگے جو حج کا رکن اعظم ہے۔ میدان عرفات میں حج کے خطبہ کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر پڑھی جائیگی۔

حجاج کرام میدان عرفات میں قیام کے دوران سارا دن خضوع وخشوع کے ساتھ اللہ کی عبادت کریں گے۔ مغرب سے پہلے حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہونگے جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نماز اکھٹی پڑھیں گے۔ مزدلفہ میں ہی حجاج کرام شیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے کنکریاں اکھٹی کریں گے۔ حجاج کرام رات مزدلفہ میں ہی گزاریں گے جہاں وہ آرام کرنے کے ساتھ ساتھ عبادت بھی کریں گے۔16 جون بروز اتوارکی صبح حجاج کرام منیٰ واپس روانہ ہونگے جہاں وہ رمی جمرات کریں گے۔

پہلے بڑے شیطان کو ،پھر درمیانے اور اس کے بعد چھوٹے شیطان کوسات سات کنکریاں ماری جائیں گی۔ شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام اللہ کی راہ میں جانور قربان کریں گے پھر اپنا سر منڈوا کر احرام کھو ل کر عام لبا س پہنیں گے اور پھر مزید دو روز تک منیٰ میں ہی قیام کریں گے۔16 جون کو ہی حجاج کرام بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ روانہ ہو نگے۔

17 جون پیر کوحجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے اور سارا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے۔ 18 جون منگل کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button