قومی

گوادر اقتصادی زون چینی سرمایہ کاروں کے لئے منفرد مواقع فراہم کرتا ہے، ظفر علی شاہ

پاکستان کے وزیر اعظم چین کے تاریخی دورے پر ہیں، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو بڑھانے پر مرکوز ہے، وزیراعظم نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ شینزن پاک چائنہ بزنس کانفرنس میں شرکت کی جس میں اقتصادی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلہ میں اہم کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں ،

اس کانفرنس کی ایک اہم بات نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری برائے بحری امور ظفر علی شاہ کی گوادر فری اکنامک زون کے بارے میں پریزنٹیشن تھی۔ وزارت بحری امور سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری بحری امور ظفر علی شاہ نے چینی سرمایہ کاروں کے لئے اس کے سٹریٹجک فوائد پر زور دیتے ہوئے زون کی سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے گوادر کی نقل و حمل کے ایک اہم مرکز، بہتر بحری انفراسٹرکچر اور کاروبار کے لئے مراعات کے حوالے سے اس بندرگاہ کی اہمیت کو جاگر کیا ۔

سیکرٹری ظفر علی شاہ نے شرکاء کو بتایا کہ گوادر فری اکنامک زون چینی سرمایہ کاروں کے لئے منفرد مواقع فراہم کرتا ہے، اس کا تزویراتی محل وقوع، جدید بندرگاہ کی سہولیات اور معاون ریگولیٹری ماحول اسے سرمایہ کاری کی ایک مثالی منزل بناتا ہے۔

گوادر میں چینی سرمایہ کاری کے اہم شعبے اور سہولیات میں جدید سمندری انفراسٹرکچر، جدید بندرگاہیں اور لاجسٹک سہولیات شامل ہیں جو کہ اعلیٰ حجم کی ترسیل کو سنبھالنے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ مزید برآں مشرق وسطیٰ، افریقہ اور وسطی ایشیا کے اہم بحری راستوں اور بازاروں سے اس کی قربت اسے خطے میں ایک اہم سٹریٹجک مقام بناتی ہے۔ ظفر علی شاہ نے سرمایہ کاروں کے لئے مراعات بشمول کسٹم کے منظم طریقہ کار اور مضبوط قانونی تحفظات پر مزید تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس اور ٹیکنالوجی جیسے متنوع شعبوں کی وجہ سے ممکنہ سرمایہ کاروں کے لئے صنعتی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔یہ خوش آئند ہے کہ چینی کمپنیوں کی طرف سے گوادر میں بڑی دلچسپی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا اظہار کیا گیا۔ توقع ہے کہ وزیراعظم کے دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو تقویت دینے کے لیے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button