قومی

جمی انجینئر کی خدمات فن مصوری میں ان کی بے مثال تخلیقی اور فنکارانہ صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں، سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے معروف مصور اور سماجی کارکن جمی انجینئر کی خدمات فن مصوری میں ان کی بے مثال تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں، اپنے فن پاروں کے ذریعے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے جمی انجینئر کی خدمات ان کے آرٹ ورک کو قابل ستائش بناتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے ) میں آرٹسٹ اور سماجی کارکن جمی انجینئر کے فن پاروں کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جمی انجینئر نے جس طرح پاکستان کے عام لوگوں کو اجاگر کیا ہے وہ ہمیں تقسیم ہندکے دنوں کی طرف کھینچ لاتا ہے اور ان کے آرٹ ورک میں پاکستان کی تخلیق کے لمحات کا مشاہدہ کرنا ایک بے مثال تجربہ ہے۔

انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ فن اور فنکاروں کے کام کے تحفظ اور فروغ کے لئے اقدامات کرے گی۔جمی انجینئر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا اس تقریب میں شرکت اور ان کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے فن پاروں کے ذریعے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کو ترجیح دی۔

انہوں نے اپنے فن کے ذریعے پاکستان اور اس کے عوام کی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ معروف آرٹسٹ راحت نوید نے کہا کہ جمی انجینئر ایک بہترین فنکار رہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنے کام کو لوگوں کی خدمت کے لئے استعمال کیا۔ اس موقع پر سابق نگران وزیر جمال شاہ ، سابق وزیر اطلاعات، نامور فنکاروں، دانشوروں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button