قومی

ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی باتیں کرنے والوں کو مضبوط معیشت برداشت نہیں ہو رہی، پی ٹی آئی کی پوری جماعت میں قول و فعل کا تضاد ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات،قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بڑی کاوشوں سے معیشت کو سنبھالا دیا،توقع کے برعکس مئی میں مہنگائی11 فیصد پر آ گئی ہے،معیشت درست ٹریک پر گامزن ہو چکی ہے،عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی باتیں کرنے والوں کو مضبوط معیشت برداشت نہیں ہو رہی،پی ٹی آئی کی پوری جماعت میں قول و فعل کا تضاد ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، ہماری حکومت آنے سے ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے اور معیشت سے متعلق اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ معیشت صحیح سمت میں جا رہی ہے،ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حکومت کے بہتر اقدامات کی بدولت مہنگائی میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے اور توقع کے برعکس مئی میں مہنگائی11 فیصد پر آ گئی ہے،عالمی مالیاتی اداروں نے بھی معیشت کی بہتری کے لئے کئے گئے حکومتی اقدامات کو سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک،ورلڈ بینک سمیت دیگر مالیاتی ادارے ہمارے اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں،

ملک میں کاروبار بحال ہو رہا ہے اور بیرونی سرمایہ کاری پاکستان آ رہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت نے پہلے دن سے ہی معیشت پر توجہ مرکوز رکھی ہے، ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے تاہم اس کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں،ان اقدامات سے افراط زر اور مہنگائی میں کمی ہوئی ہے،ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم ہوا ہے جو حوصلہ افزا بات ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے حکومتی اخراجات میں واضح کمی کی،اس وقت تک کابینہ تنخواہ نہیں لے رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ اون انٹرپرائزز کی نجکاری کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ایکسچینج ریٹ مستحکم نہیں تھا،پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا،معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی تھی،ہم نے اخراجات کم کئے،سرمایہ کاری کو فروغ دیا، ملک کو دوبارہ معاشی ٹریک پر گامزن کیا، 29 ماہ میں کم ترین سطح پر مہنگائی پہنچ چکی ہے جبکہ سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے،ہمیں سخت فیصلے بھی کرنے پڑے تاہم اب ہم مشکل حالات سے نکل آئے ہیں، آنے والے وقت میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کی وجہ حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات ہیں،مئی میں ہدف سے 15 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کیا گیا،ایک ماہ میں پٹرول کی قیمت میں 25 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ پی ٹی آئی دور حکومت میں دوست ممالک سے تعلقات خراب کئے گئے اور ملک عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوا اور ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا لیکن ہماری حکومت آنے سے ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے،حکومت نے مختصر مدت میں آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا، یو اے ای کے ساتھ تعلقات بہتر کئے جس سے ملک میں 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری کے حوالے سے معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاروباری طبقہ کا اعتماد بحال ہوا ہے،آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، آئی ٹی سیکٹر میں بھی جلد قوم کو بڑی خوشخبری دینے والے ہیں، نوجوانوں کو آئی ٹی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ بجٹ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، وزیراعظم کی ترجیح ہے کہ کم آمدن والے طبقہ پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کل ایک تاریخی دورے پر چین روانہ ہو رہے ہیں،وزیراعظم کا دورہ چین انتہائی اہمیت کا حامل اور ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا،اس حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں،وزیراعظم کی چین کے صدر سے بھی ملاقات ہوگی جبکہ شین ژن میں بزنس کونسل کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے جس کیلئے پاکستان سے کاروباری وفد بھی چین روانہ ہو رہا ہے،وفد چین میں بزنس ٹو بزنس معاہدوں کو حتمی شکل دے گا۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار 100 اہم کاروباری شخصیات بھی چین روانہ ہو رہی ہیں، وزیراعظم کے دورہ چین کے مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر سرمایہ کاری اور کاروباری افراد کے لئے ماحول سازگار ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا چین کے ساتھ تعلقات پر ہمیشہ فوکس رہا ہے،نواز شریف کے دور میں سی پیک پر تیز رفتاری سے کام ہوا،وزیراعظم کے دورہ سے سی پیک کے ایک نئے فیز کا آغاز ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہمیشہ معیشت کے حوالے سے اصلاحات کی بات کی،ملک میں سنجیدہ حکومت ہے جو عوام کی زندگی میں بہتری لانا چاہتی ہے،حکومت ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹرانسمیشن کے لئے نئی ٹیم لا رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا اسی لئے ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی باتیں کرنے والوں کو مضبوط معیشت برداشت نہیں ہو رہی ہے۔ملک میں سرمایہ کاری روکنے کے لئے ٹویٹ کرنے والے اپنے ٹویٹ سے انکار کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی پوری جماعت میں قول و فعل کا تضاد ہے، پی ٹی آئی کے اندر اختلافات ہیں، متنازعہ ٹویٹ کے معاملے پر آدھی پارٹی کہتی ہے کہ ٹویٹ کیا اور آدھی کہتی ہے کہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو مشورہ ہے کہ وہ آپس میں فیصلہ کرلیں کہ پارٹی بیانیہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ 9 مئی کے حملے کیوں کرائے گئے، مہذب ممالک میں اس طرح کے واقعات رونما نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پورا فوکس ملک کو ایشیئن ٹائیگر بنانا ہے جس کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں،ملک ہے تو سب کچھ ہے،معیشت ٹیک آف کر رہی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ چین کے ساتھ تعلقات سمندر سے گہرے اور ہمالیہ سے بلند ہیں،چائنیز شہریوں کی سیکورٹی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،بشام واقعہ کی تحقیقات کے حوالے سے چین کی حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے، حکومت چین کے شہریوں کی فول پروف سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button