قومی

حکومت ’’ایز آف ڈوئنگ بزنس ‘‘اور تعلیم پر دوبارہ سرمایہ کاری کے ذریعے نوجوان نسل کو ترقی کے مواقع فراہم کر رہی ہے ،وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت ’’ایز آف ڈوئنگ بزنس ‘‘اور تعلیم پر دوبارہ سرمایہ کاری کے ذریعے نوجوان نسل کو ترقی کے مواقعے فراہم کر رہی ہے ، مشکلات اور چیلنجز کے باوجود اپنے نوجوانوں کو با اعتماد مستقبل دینا چاہتے ہیں ،ارفع کریم کے نام سے بیڈ منٹن ٹورنامنٹ کرانے پر ٹیم کو اورارفع کریم کے والدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ارفع کریم کے والدین جس عزم اوروژن کے ساتھ اپنی بیٹی کے مشن کو لیکر آگے بڑھے ہیں وہ ایک حوصلہ افزا اقدام ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی خوشحالی اسی وژن میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی کی صنعت 2.5 ارب ڈالر کی ہے ، وزیراعظم کا وژن ہے کہ آئی ٹی کی صنعت کو 25 ارب ڈالر تک لایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ آئی ٹی کی صنعت نوجوانوں کو خوشحال بنانے کا ایک موقع ہے جسے فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ارفع کریم کے والدین نے جو بیڑا اٹھایا ہے اس پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ، گزشتہ پانچ سال کے دوران جو منصوبے کہیں دکھائی نہیں دے رہے تھے ان منصوبوں کو بحال کرکے دوبارہ پیروں پر کھڑا کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ آنے والا ہے اور پوری قوم کی بہت سی امیدیں اس بجٹ سے وابستہ ہیں ،آئی ایم ایف کی وجہ سے کچھ مشکلات بھی ہیں لیکن تمام چیلنجز کو دیکھتے ہوئے ہم اپنے نوجوانوں کو ایک پر اعتماد مستقبل دینا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت مختلف اقدامات بھی منظور ہوئے ہیں جن پر بجٹ کے بعد تفصیلی بریفنگ دی جائے گی ۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button