کھیلوں کی دنیا

آئی سی سی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ءکے تمام میچز پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست دیکھے جا سکتے ہیں، اس میگا ایونٹ کے حوالے سے پی ٹی وی سپورٹس کے پروگرام ”گیم آن ہے“ کی مقبولیت میں بھی بے پناہ اضافہ

آئی سی سی ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ءکے نشریاتی حقوق حاصل کرنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تمام میچز پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی نشریات کے حوالے سے پی ٹی وی سپورٹس پر نشر ہونے والا مشہور پروگرام ”گیم آن ہے“ شائقین کرکٹ میں تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔

پی ٹی وی کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ”گیم آن ہے“ پروگرام میں کرکٹ کے سابق کھلاڑیوں اور ماہرین کرکٹ کے خصوصی انٹرویوز پیش کئے جا رہے ہیں۔ ”گیم آن ہے“ پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کرکٹ پروگراموں میں سے ایک ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی مبشر توقیر شاہ نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق ملنے سے پاکستان میں کرکٹ کے شائقین پی ٹی وی پر ٹی 20 ورلڈ کپ کے تمام میچز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کے نشریاتی حقوق حاصل کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا، یہ بہت پیچیدہ مسائل کو حل کرنے کے بعد ممکن ہوا ہے اور پی ٹی وی انتظامیہ نے بہت محنت سے یہ نشریاتی حقوق حاصل کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی قومی ادارہ ہے اور پاکستان کے عوام کا حق ہے کہ وہ پی ٹی وی سکرین پر ٹی 20 ورلڈ کپ کی نشریات دیکھ سکیں۔ ”گیم آن ہے“ پروگرام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کرکٹ کو بہت پسند کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ”گیم آن ہے“ پروگرام شائقین کرکٹ میں بے پناہ مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔ دریں اثناءآئی سی سی ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ءکے حوالے سے ”گیم آن ہے“ کی خصوصی نشریات میں نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مارٹن گپٹل، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹرز محمد حفیظ اور یونس خان نے خصوصی شرکت کی اور اپنی ماہرانہ رائے کا اظہار کیا۔ مارٹن گپٹل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں کامیاب اور تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں، پاکستان کے لئے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں کارکردگی دکھانے کا یہ بہترین موقع ہے۔

محمد یونس نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی کامیابی کے لئے پرامید ہیں، میچ جیتنے کے لئے ہمیں چند کھلاڑیوں پر انحصار کرنے کی بجائے ٹیم کی اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ ٹرافی جیت کر لائے۔ سابق کرکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کرکٹ کے لئے پاکستانی ٹیم کا بہترین انتخاب کیا گیا ہے، میچ جیتنے کے لئے ٹیم کی اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ معروف کرکٹ سٹار شعیب اختر ایک مرتبہ پھر پی ٹی وی سپورٹس کے پروگرام ”گیم آن ہے“ میں شامل ہو گئے ہیں جو اپنی ماہرانہ رائے سے شائقین کرکٹ کو آگاہ کرتے رہیں گے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق ملنے سے پاکستان میں کرکٹ کے شائقین پی ٹی وی سپورٹس پر ورلڈ کپ کے تمام میچز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button