قومی

وزیراعظم شہباز شریف چین کے صدر اور وزیراعظم کی دعوت پر 4 تا 8 جون چین کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ کی دعوت پر 4 سے 8 جون تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم بیجنگ کے علاوہ ژیان اور شینزن شہروں کا بھی دورہ کریں گے۔

بیجنگ میں قیام کے دوران وزیر اعظم صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیر اعظم لی کیانگ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے، وہ نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژائو لیجی اور اہم سرکاری محکموں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔بیان کے مطابق وزیراعظم کے دورے کا ایک اہم پہلو تیل و گیس، توانائی، آئی سی ٹی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی سرکردہ چینی کمپنیوں کے کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں ہوں گی۔

وزیر اعظم شینزن میں دونوں ممالک کے سرکردہ تاجروں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ چائنا پاکستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے۔ وہ چین میں اقتصادی اور زرعی زونز کا بھی دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کا دورہ چین، پاکستان اور چین کی دوستی کا ثبوت ہے جس کی خصوصیت اعلی سطحی تبادلوں اور بات چیت سے ہوتی ہے۔

دورہ کے دوران فریقین ہمہ موسمی سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پر بات چیت کریں گے۔ فریقین چین پاکستان اقتصادی راہداری کو اپ گریڈ کرنے، تجارت اور سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے، سلامتی اور دفاع ، توانائی، سپیس، سائنس اور ٹیکنالوجی اور تعلیم میں تعاون کو بڑھانے سمیت ثقافتی تعاون اور عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دے کر پاک چین دوستی کی مستقبل کی سمت طے کرکے مزید مضبوط بنانے کے لئے بات چیت کریں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button