کاروباری

ٹیکس کے نظام کو جدید اور ڈیجیٹلائز بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے معیشت کو دستاویزی بنانے میں مدد ملے گی

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کےتحفظات دورکرنے کی یقین دہانی

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے پاکستان ریٹیل بزنس کونسل (پی آر بی سی) کےتحفظات کوحل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس کے نظام کو جدید اور ڈیجیٹلائز بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے معیشت کو دستاویزی بنانے میں مدد ملے گی اور ٹیکس کے دائرہ کار میں بھی وسعت لائی جا سکے گی۔انہوں نے یہ بات منگل کو یہاںپاکستان ریٹیل بزنس کونسل (پی آر بی سی) کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی۔ چیئرمین پی آر بی سی زیاد بشیرنے وفد کی قیادت کی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک بھی اجلاس میں موجود تھے۔

پی آر بی سی کے وفد نے ملک میں معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ایف بی آر کی تاجر دوست سکیم کے لیے بھی تعاون کیا۔ مزید برآں، انہوں نے وزیر خزانہ کو خوردہ (پرچون فروشوں ) کاروباروں کو درپیش چیلنجوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ٹیکس نہ دینے والے ، غیر دستاویزی خوردہ شعبے کوٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ مزید برآں، انہوں نے ملک میں دستاویزی کاروبار کی حوصلہ افزائی کے لیے تجاویز دیں۔

وفاقی وزیر نے ان کے تحفظات کو تسلیم کیا اور بتایاکہ میکنزی اینڈ کمپنی ایف بی آر کی اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائزیشن میں مدد کے لیے مصروف عمل ہے جس سے ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے وفد کو یہ بھی بتایا کہ انہوں نے وزیر مملکت علی پرویز ملک سے کہا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اس کام کی نگرانی کریں تاکہ اس کام کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر مملکت نے پی آر بی سی کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کو سراہا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پی آر بی سی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ملک اور تاجر برادری دونوں کے فائدے کے لیے ان کی طرف سے پیش کردہ تجاویز پر غور کرے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button